اے ایم یو : طب یونانی کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کی وہائٹ کوٹ تقریب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2022
 اے ایم یو : طب یونانی کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کی وہائٹ کوٹ تقریب
اے ایم یو : طب یونانی کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کی وہائٹ کوٹ تقریب

 

 

علی گڑھ، 4/جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے نئے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء نے حال ہی میں کینیڈی آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی وہائٹ کوٹ تقریب میں شرکت کی۔

               فیکلٹی آف یونانی میڈیسن اور جونیئر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (جے ڈی اے) کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا: ”صحت خدمات کو بطور پیشہ منتخب کرنے کا مطلب زندگی بھر کی وابستگی ہے کیونکہ اس میں برسوں کا مطالعہ، محنت، طویل شفٹ اور غیر متوقع کام کے اوقات شامل ہوتے ہیں“۔

               مہمان خصوصی محمد ندیم حسین (سی ای او، مارک امپیکس پرائیویٹ لمیٹڈ، مراد آباد) نے کہا ”وہائٹ کوٹ تقریب ایک خوبصورت روایت ہے جو طبی اخلاقیات سیکھنے اور ان پر عمل کرنے کے عزم کو مضبوط کرتی ہے“۔

               ’بقراطی حلف‘ دلاتے ہوئے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایف ایس شیرانی نے نئے طلباء پر زور دیا کہ وہ مریضوں کا اپنی صلاحیت کے مطابق بہتر علاج کریں، مریض کی پرائیویسی کو محفوظ رکھیں، نئی نسل کو دواؤں کے راز سکھائیں اور ایک ڈاکٹر کی سماجی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔

               اجمل خاں طبیہ کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ علیم نے شکریہ ادا کیا۔

               فیکلٹی ممبران ڈاکٹر جمال عظمت، ڈاکٹر فاروق احمد ڈار، ڈاکٹر عمار ابن انور، ڈاکٹر عبدالعزیز خان، ڈاکٹر دیوان اسرار، ڈاکٹر محمد انس اور ڈاکٹر ہما نور اور جے ڈی اے کے عہدیداروں ڈاکٹر نوال الرحمان خاں (صدر)، ڈاکٹر فضل الرحمان (سکریٹری)، ڈاکٹر صدف فردوس (نائب صدر)، ڈاکٹر صفیہ عثمانی (فنانس سکریٹری) اور ڈاکٹر معاذ احمد (جوائنٹ سکریٹری) کو بھی وہائٹ کوٹ پیش کیا گیا۔

               ڈاکٹر محمد انس، ڈاکٹر فاروق احمد ڈار اور ڈاکٹر عبدالعزیز خان نے پروگرام کی نظامت کی۔