علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ”اِمپیکٹ آف کووڈ 19 آن اکانومی، انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کیئر“ نامی کتاب کا اجراء کیا، جسے راجیو گاندھی سنٹر فار ڈائبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی، جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو کے پروفیسر حامد اشرف اور اے ایم یو کے سابق طالب علم ڈاکٹر آلوک راگھو نے مرتب کیا ہے۔ کتاب میں صحت عامہ کے نظام، معیشتوں، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی پالیسی سازی پر کووِڈ19 عالمی وبا کے دور رس اثرات کا کثیر رخی تجزیہ کیا گیا ہے۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے مدیران کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اشاعت عالمی چیلنجوں سے اے ایم یو کے اساتذہ کی گہری نظر اور تحقیقی کاوشوں کی عکاس ہے جو پالیسی سازی کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی علمی کوششیں صحت اور معاشی نظاموں کی تعمیر نو کے لیے نہایت اہم ہیں۔
پروفیسر حامد اشرف نے اس کتاب کو کووِڈ 19کے اثرات کو سمجھنے اور انھیں دستاویزی شکل دینے کی مشترکہ کوشش قرار دیا، جس کا ہدف سائنسی، معاشی اور سماجی نقطہ ہائے نظر کو یکجا کر کے مستقبل کی تیاری اور مؤثر پالیسی ردِعمل کو مستحکم کرنا ہے۔