اے ایم یو : وی سی کی تقرری پر سپریم کورٹ نے حکومت سے وضاحت طلب کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2025
اے ایم یو : وی سی کی تقرری پر سپریم کورٹ نے حکومت سے وضاحت طلب کی
اے ایم یو : وی سی کی تقرری پر سپریم کورٹ نے حکومت سے وضاحت طلب کی

 



نئی دہلی:  سپریم کورٹ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر کے طور پر ایک پروفیسر کی تقرری پر اعتراض جتایا ہے، کیونکہ یہ تقرری ایسے سلیکشن پینل کے ذریعے کی گئی تھی جس میں ان کے شوہر بھی شامل تھے۔ عدالت نے اس عمل پر شفافیت اور غیر جانبداری کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورت حال میں مفادات کے ٹکراؤ(Conflict of Interest) کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

عدالت نے یونیورسٹی اور حکومتِ ہند سے اس معاملے میں وضاحت طلب کی ہے اور کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تقرری کے عمل کو شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا لازمی ہے تاکہ ادارے کی ساکھ پر کوئی سوال نہ اٹھے، چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گاوئی، جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس این وی انجاریا پر مشتمل بنچ نے زبانی طور پر کہا کہ "شوہر کی موجودگی میں بیوی کے نام پر غور ہونا منصفانہ عمل پر سوالیہ نشان ہے۔یہ سماعت پروفیسر مظفر عروج ربانی اور پروفیسر فیضان مصطفیٰ کی عرضداشت پر ہوئی، جنہوں نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس میں پروفیسر خاتون کی تقرری کو برقرار رکھا گیا تھا۔

سماعت کے دوران سینئر وکیل کپل سبل، جو عرضی گزاروں کی جانب سے پیش ہوئے، نے تقرری کے عمل کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا۔سابق مرکزی وزیر اور سینئر وکیل کپل سبل نے سپریم کورٹ میں کہا"اگر وائس چانسلرز کی تقرری اسی طرح ہوگی تو مجھے سوچ کر ہی خوف آتا ہے کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ سبل نے دلیل دی کہ نتیجہ دو اہم ووٹوں سے جھک گیا تھا، جن میں سے ایک ووٹ سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر کا تھا۔ ان کے بقول: "اگر ان دونوں ووٹوں کو شامل نہ کیا جائے تو پروفیسر نایمہ خاتون کو صرف چھ ووٹ ملتے۔سبل نے زور دیا کہ تقرری قانونی طور پر درست نہیں تھی کیونکہ خاتون کے شوہر نے بطور وائس چانسلر ایگزیکٹو کونسل اور یونیورسٹی کورٹ کی میٹنگ کی صدارت کی تھی، جس میں ان کے نام کو وزیٹر کے پاس بھیجے جانے والے پینل میں شامل کیا گیا۔

عدالت نے مشاہدہ کیا کہ سابق وائس چانسلر کو اس میٹنگ میں شریک نہیں ہونا چاہیے تھا جب ان کی اہلیہ کا نام زیرِ غور تھا۔ عدالت نے الہ آباد ہائی کورٹ کے تبصرے کا حوالہ دیا کہ بہتر ہوتا اگر وائس چانسلر کارروائی سے الگ ہو جاتے اور اگلے سینئر شخص کو چیئرمین بنایا جاتا۔ بینچ نے کہا:
"
عام طور پر جب ہم کالجیم میں بیٹھتے ہیں اور اگر بار کا کوئی جونیئر زیر غور آ جائے تو ہم خود کو الگ(recuse) کر لیتے ہیں۔ ظاہر ہے جب کسی شوہر کی بیوی کا نام زیر غور ہو اور وہ شریک ہو تو شکوک پیدا ہوتے ہیں۔ چیزیں صرف درست طریقے سے نہیں ہونی چاہییں بلکہ درست نظر بھی آنی چاہییں۔"

اس موقع پر ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریا بھاٹی نے پروفیسر نایمہ خاتون کی تقرری کے تاریخی پہلو کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تقرری جزوی طور پر انتخاب اور جزوی طور پر سلیکشن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا: "اگرچہ ہائی کورٹ نے ہمارے انتخاب والے مؤقف سے اتفاق نہیں کیا لیکن اس نے ان کی تقرری کو برقرار رکھا۔" انہوں نے نشاندہی کی کہ درخواست گزاروں نے دیگر تقرریوں جیسے پرووسٹ کی تقرری کو چیلنج نہیں کیا۔ ان کے مطابق اعتراضات محض "جانبداری کے خدشات" پر مبنی ہیں۔بینچ نے تاہم یہ رائے ظاہر کی کہ مثالی طور پر وائس چانسلر کو ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے سے اجتناب کرنا چاہیے تھا۔

بینچ کے رکن جسٹس چندرن نے کہا کہ وہ خود کو اس سماعت سے الگ کر سکتے ہیں کیونکہ وہ بھی ماضی میں اسی طرح کے انتخابی عمل کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ان کے الفاظ میں "میں کنسورشیم آف نیشنل لا یونیورسٹی کا چانسلر تھا جب میں نے فیضان مصطفی کا انتخاب کیا تھا، اس لیے میں اس سماعت سے الگ ہو سکتا ہوں۔"سالیسٹر جنرل تشَّر مہتا نے کہا کہ عدالت کو جسٹس چندرن پر مکمل اعتماد ہے اور ان کے الگ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ تاہم چیف جسٹس نے ہدایت دی کہ کیس کو ایسے بینچ کے سامنے درج کیا جائے جس میں جسٹس چندرن شامل نہ ہوں۔