اے ایم یو : طالب علم حمزہ حسن کا امپیریل کالج لندن میں داخلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اے ایم یو : طالب علم حمزہ حسن کا امپیریل کالج لندن میں داخلہ
اے ایم یو : طالب علم حمزہ حسن کا امپیریل کالج لندن میں داخلہ

 

 

علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انڈسٹریل کیمسٹری کے طالب علم حمزہ حسن کو برطانیہ کے مشہور امپیریل کالج لندن (آئی سی ایل) میں ایم ایس سی انوائرمینٹل انجینئرنگ میں داخلہ کی پیش کش کی گئی ہے، جس کی تکمیل کے ساتھ پی ایچ ڈی بھی ہوسکے گی۔ حمزہ حسن نے اپنی تعلیم کے لئے کنگز کالج لندن (کے سی ایل) اور برطانیہ کی پانچ دیگر اعلیٰ یونیورسٹیوں میں سے آئی سی ایل کا انتخاب کیا ہے۔

حمزہ نے کہا ”اے ایم یو میں اساتذہ نے میری بہتر رہنمائی کی جو میری ترجیحات و امنگوں کو سمجھتے تھے۔ ان کی سرپرستی اور رہنمائی کی وجہ سے میں آئی سی ایل میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا“۔

انہوں نے کہا کہ میرے اساتذہ اور اہل خانہ نے مجھے آئی سی ایل میں داخلہ لینے کا مشورہ دیا کیونکہ یہ حال ہی میں کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے۔ اس کالج کو کیو ایس نے لندن میں اوّل اور برطانیہ و یورپ میں سوم رینک عطا کی ہے۔ حمزہ نے مزید کہا ”ماحولیاتی سائنس کے ماہر کی حیثیت سے میں اپنی مخصوص ٹریننگ کو استعمال کرکے روزمرہ کے مسائل کو حل کرنے کا عزم رکھتا ہوں اور بہتر ماحولیات کے لئے مناسب حل کی تلاش کے محاذ پر خدمات انجام دینا چاہتا ہوں“۔