اے ایم یو :پچیس فیصد ملازمین کی حاضری کے ساتھ کام شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-06-2021
تعلیمی سرگرمیوں
تعلیمی سرگرمیوں

 

 

علی گڑھ: کووڈ کی روک تھام کے لیے مرکزی وزارت تعلیم اور حکومت اترپردیش کی رہنما ہدایات کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے یکم جون سے پچیس فیصد ملازمین کی حاضری کے ساتھ کام کرنا شروع کر دیا ہے۔رجسٹرار دفتر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز دفاتر بند رہیں گے اور دفتری ایام میں جن ملازمین کی دفتر میں ڈیوٹی نہیں   ہے، وہ اپنے گھروں سے کام کریں گے اور فون پر دستیاب رہیں گے۔کورونا کی وبا کے دوران اے ایم یو کو جو نقصان ہوا ہے وہ ناقابل تلافی ہے کیونکہ یونیورسٹی نےاس دوران پچاس سے زیادہ تدرسی اور غیر تدرسی اسٹاف کو کورونا نے نگل لیا۔ یونیورسٹی کے کیمپس میں مایوسی اور خوف محسوس کی جاسکتی تھی۔مگر کہتے ہیں کہ ’شو مسٹ گو آن‘ ۔یہی وجہ ہے کہ  آن لائن سرگرمیوں کے ساتھ یونیورسٹی کے دفاتر میں کام شروع ہوگا۔

نوٹس میں سبھی سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شعبہ اور دفتر میں امتحان سے متعلق کاموں کے لیے کم سے کم ملازمین کو ڈیوٹی پر بلائیں۔ اساتذہ آن لائن کلاسیز جاری رکھیں گے۔نوٹس کے مطابق طبّی خدمات، صفائی، پانی اور بجلی، اقامتی ہال خدمات، سنٹرل آٹوموبائل ورکشاپ، ٹیلی فون شعبہ، پراکٹر دفتر، لینڈ اینڈ گارڈن شعبہ، کمپیوٹر سنٹر جیسی لازمی خدمات سربراہوں کی ہدایت کے مطابق جاری رہیں گی۔

 یونیورسٹی کے عملہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہاتھوں کو مسلسل دھونے پر توجہ دیں، ایک دوسرے سے فاصلہ قائم رکھیں اور ماسک لازمی طور سے پہنیں۔اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبد الحمید (آئی پی ایس)نے کہا کہ لفٹ، سیڑھیوں اور صحن، پارکنگ وغیرہ میں بھیڑ نہ لگائیں، میٹنگ جہاں تک ممکن ہو آن لائن کی جائے اور کیمپس میں بیرونی افراد کا داخلہ روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنٹینمنٹ زون میں رہنے والے لوگوں کو ڈیوٹی سے چھوٹ رہے گی اور ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے ملازمین اپنے گھروں سے کام کریں گے۔