اے ایم یو: تین طلاق کا معاملہ۔ پروفیسر کےخلاف کیس درج

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
اے ایم یو: تین طلاق کا معاملہ۔ پروفیسر کےخلاف کیس درج
اے ایم یو: تین طلاق کا معاملہ۔ پروفیسر کےخلاف کیس درج

 


آواز دی وائس،علی گڑھ

ریاست اترپردیش کے علی گڑھ میں واقع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر کی جانب سے اپنی بیوی کو تین طلاق دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر کے خلاف تین طلاق اور جہیز کے لیے ہراسانی کا معاملہ قرسی تھانہ میں درج کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ ان کے سسرال والوں نے شادی سے پہلے انہیں اعلیٰ تعلیم دلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن شادی کے بعد انہیں جہیز کے لیے ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد جب معاملہ عدالت میں پہنچا تو ملزم شوہر تین طلاق دے کر چلا گیا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کے سسرال والوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

 فرحین اظہار علی گڑھ کے اقراء کالونی پول ہاؤس کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے مقدمہ درج کرایا ہے۔

ان کی شادی 9 نومبر2021 کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کمپیوٹر انجینئر فیکلٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر اسد محمد سے ہوئی تھی۔

 شادی سے پہلے ان کے سسرال والوں نے انہیں ایم ٹیک کروانے کا وعدہ کیا تھا۔ شادی کے بعد جب ان سے اعلیٰ تعلیم کے لیے کہا گیا تو وہ اپنے وعدے سے مکر گئے۔ اس کے بعد سسرال والوں نے جہیز کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر فرحین کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ سسرال والوں سے تنگ آ کر انہوں نے عدالت کی پناہ لی۔ انہوں نے گھریلو تشدد اور اخراجات کے لیے بھی عدالت میں مقدمہ دائر کیاہے۔

 جب اس حوالے سے عدالتی نوٹس اس کے سسرال پہنچا تو سسرال والے برہم ہوگئے۔

خاتون کا الزام ہے کہ وہ 6 مئی کو اپنی بہن اور بہنوئی کے ساتھ کہیں جا رہی تھیں۔ راستے میں ان شوہر آیا اور انہیں تین طلاق کہہ کر چلا گیا۔ خاتون نے اسسٹنٹ پروفیسر شوہر، ساس، سسر اور نندوئی کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔