علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اور ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کے ڈاکٹروں، انٹرنز اور طبی عملہ پر مشتمل ایک ٹیم،سماجی ذمہ داری اور حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (آر ڈی اے) نے اے آئی سی ٹی انڈیا اور اس کے طبی شعبہ کے تعاون سے اس ریلیف مشن کا اہتمام کیا ہے۔ یہ ٹیم پنجاب میں سیلاب سے بری طرح متاثرہ سلطان پور لودھی اور اس سے ملحقہ دیہی علاقوں میں 6 اکتوبر تک کام کرے گی۔
ریلیف مشن کی ٹیم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ سینئر فیکلٹی ممبران بشمول پروفیسر محمد خالد، پروفیسر نجم خلیق، پروفیسر سہیل امین، علی گڑھ کے ایس ایس پی مسٹر نیرج کمار جادون اور سی او مسٹر سروم کمار نے اس پہل کو سراہا اور اسے اے ایم یو کی کمیونٹی سروس اور سماجی ذمہ داری کی پائیدار وراثت کی ایک روشن مثال قرار دیا۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی حوصلہ افزائی اور ادارہ جاتی تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آرڈی اے کے صدر ڈاکٹر سمیع احمد خان نے کہا ”یہ مشن اے ایم یو کے انسانیت کی خدمت کے گہرے جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔ ہماری ٹیم ہمدردی، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ خدمت کے لیے تیار ہے“۔ ڈاکٹر اختر علی، نائب صدر،آرڈی اے نے بھرپور تعاون کے لئے اے آئی سی ٹی انڈیا کی کاوشوں کو سراہا۔
یہ ٹیم سیلاب زدہ مواضعات چک پتی، حاجی پور اور بسووال وغیرہ میں طبی خدمات فراہم کرے گی اور ریلیف کیمپوں میں صفائی مہمات چلائے گی۔
ادویات اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی (میڈیسن)، ڈاکٹر یمان محمد (ٹی بی آر ڈی)، ڈاکٹر راجیش شکیل (ٹی بی آر ڈی)، اور ڈاکٹر محمد جنید (آپتھلمولوجی) کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔