اے ایم یو : میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں میں ہوگا اضافہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-09-2021
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج

 

 

  علی گڑھ،: نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی)، وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں کی تعداد 150 سے بڑھا کر 200 کرنے کی درخواست قبول کرلی ہے۔

اگلے سال سے سیٹوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ این ایم سی حکام کے معائنہ کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ”اب جب کہ کووڈ وبا نے صحت کے شعبہ میں اہل اور ہنر مند افراد کی مناسب تعداد ہونے کی ضرورت ایک بار پھر اجاگر کی ہے، یہ ضروری ہے کہ جے این ایم سی اور ملک کے دیگر میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں میں اضافہ ہو“ ۔ وائس چانسلر نے کہا: ”طلبہ کی تعداد میں اضافے کے لحاظ سے ہمارے پاس ایک بڑھا ہوا انفراسٹرکچر، اساتذہ کی معقول تعداد اور اسپتال کا مطلوبہ ڈھانچہ موجود ہے“۔

دریں اثناء ”یوپی نرسیز اینڈ مِڈ وائیوز کونسل“ نے انڈین نرسنگ کونسل کے نوٹیفکیشن کے مطابق جے این ایم سی کے زیر اہتمام جنرل نرسنگ و مِڈوائفری (جی این ایم) کورس کو اپ گریڈ کرکے 20 طلبہ کی تعداد کے ساتھ بی ایس سی نرسنگ کی ڈگری چلانے کی منظوری دے دی ہے۔

رجسٹرار، یوپی نرسیز اینڈ مِڈوائیوز کونسل کی طرف سے جاری اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ: ”یوپی نرسیز اینڈ مِڈوائیوز کونسل کو جے این ایم سی، اے ایم یو کے زیر اہتمام جی این ایم کورس کو اپ گریڈ کرکے بی ایس سی نرسنگ کورس کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اجازت دی گئی ہے“۔ پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا کہ”علاج و معالجہ کے شعبہ میں عملہ کی معقول تعداد برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ وبا اور بحرانی صورتحال کے لئے تیاری بہتر رہے۔ جی این ایم کورس کو بی ایس سی نرسنگ میں اپ گریڈ کرنے کی اجازت کے ساتھ ہم صحت عملہ کی ضرورت کو آسانی سے پورا کرسکیں گے۔