اے ایم یو: ڈاکٹر محمد طارق کی دو پائیدار ٹکنالوجیز کو ملا پیٹنٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-12-2021
اے ایم یو: ڈاکٹر محمد طارق کی دو پائیدار ٹکنالوجیز کو ملا پیٹنٹ
اے ایم یو: ڈاکٹر محمد طارق کی دو پائیدار ٹکنالوجیز کو ملا پیٹنٹ

 

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ

 

 علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے ڈاکٹر محمد طارق کی دو نئی اختراعات نے مستقبل کے سبز اور پائیدار توانائی وسائل پر کام کرنے والے محققین کی توجہ حاصل کی ہے۔

ان دونوں ایجادات ”سولر پی وی پینل کا آٹومیٹیڈ کلیننگ سسٹم“ اور ”انٹرنیٹ آف تھنگس پر مبنی آٹومیٹیڈ موویبل پلیٹ فارم کے ساتھ سن ٹریکنگ میکانزم“ کو حال ہی میں کامن ویلتھ آف آسٹریلیا کے پیٹنٹ دفتر سے پیٹنٹ حاصل ہوا ہے۔

ڈاکٹر محمد طارق نے کہا ”سولر پی وی پینل کے آٹومیٹیڈ کلیننگ سسٹم کو ان جگہوں کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں دھند، دھول، مٹی اور ریت بہت زیادہ ہوتی ہے۔

یہ نظام پینلز پر موجود ہر گندگی کو ہٹانے میں کامیاب ہے جس سے زیادہ مؤثر اور قابل اعتماد پیداوار حاصل ہوتی ہے“۔

انہوں نے مزید کہا: ”انٹرنیٹ آف تھنگس پر مبنی خودکار حرکت پذیر پلیٹ فارم کے ساتھ سن ٹریکنگ میکانزم نہ صرف زیادہ توانائی پیدا کرے گا بلکہ بجلی پیداوار کے مجموعی عمل کی کارکردگی کو بھی بہتر کرے گا۔

اس ایجاد کا مقصد فوسّل ایندھن پر انحصار کو کم کرنا اور برقی توانائی کے لئے قابل تجدید توانائی کو فروغ دینا ہے“۔

الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ای مکمل کرنے کے بعد اپنے سالِ آخر کے پروجیکٹ میں کام کرنے والی طالبہ علینا ناز اور ریسرچ انٹرن/ پروگرامر محمد اعظم کے ساتھ ڈاکٹر طارق نے مشترکہ طور پر مذکورہ پیٹنٹ کو ایجاد کیا ہے۔

ڈاکٹر طارق، یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز، کینبرا، آسٹریلیا کے دو انٹریونیورسٹی اشتراکی ریسرچ پروجیکٹوں میں بھی پرنسپل انویسٹیگیٹر ہیں۔