علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف میڈیسن کے کمیٹی روم میں میڈیکل کے طلباء کے لیے ٹیبلیٹ / اسمارٹ فون تقسیم کا ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر اور اترپردیش قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) پروفیسر طارق منصوربطور مہمان خصوصی موجود تھے۔ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون حکومت اتر پردیش کے ذریعہ فراہم کیے گئے تاکہ طلباء انھیں اپنے تعلیمی مقاصد کے لئے استعمال کرسکیں۔
اس موقع پر پروفیسر منصور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے آلات و وسائل جدید دور میں طلباء کے لئے ضروری ہیں جو تعلیمی اہداف کے حصول کے امکان کو بہتر بناتے ہیں اور خاص طور پر میڈیکل کے طلبہ کے لیے یہ اور بھی ضروری ہیں جہاں علم کے دیگر شعبوں کے مقابلے میں نئی ترقیات تیز رفتاری سے ہوتی ہیں۔