علی گڑھ، 11 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں بی پی ایڈ کی طالبہ آفریں جبیں نے، جو انگلش چینل کو کامیابی سے عبور کرنے والی اے ایم یو کی پہلی طالبہ ہیں، آج لندن سے واپسی پر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے آفریں کو ان کے تاریخی کارنامہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ’اے ایم یو کی اسپورٹس آئیکن‘ قرار دیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی یونیورسٹی کا نام روشن کرتی رہیں گی۔
قابل ذکر کہ آفریں نے 29 جولائی 2025 کو برطانیہ کے ڈوورسے فرانس کے کیپ گرس-نیز تک کا 34 کلومیٹر کا فاصلہ اکیلے تیرتے ہوئے 13 گھنٹے 13 منٹ میں مکمل کیا، اور اس طرح وہ برداشت کا اعلیٰ ترین مادّہ رکھنے والے تیراکوں کی صف میں شامل ہو گئیں۔ ان کی اس کامیابی نے اے ایم یو، ان کی ریاست مغربی بنگال اور پورے ملک کا سر فخر سے اونچا کردیاہے۔
آفرین نے اپنے والدین، اے ایم یو، اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت نے ہی اس جرأت مندانہ کارنامے کو ممکن بنایا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کی نمائندگی اولمپک مقابلوں میں اور خاص طور پر اوپن واٹر میراتھن سوئمنگ میں کرنا چاہتی ہیں۔ آفرین نے بتایا کہ وہ اب بین الاقوامی معیار کے مطابق خود کو تیار کرنے کے لیے سخت تربیت حاصل کریں گی، تاکہ انگلش چینل کی کامیابی کو اولمپک تک پہنچنے کا زینہ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری، ممبر انچارج دفتر رابطہ عامہ پروفیسر وبھا شرما اور رابطہ عامہ افسر عمر پیرزادہ بھی موجود تھے