اے ایم یو : بین الاقوامی یومِ یوگ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2026
اے ایم یو : بین الاقوامی یومِ یوگ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
اے ایم یو : بین الاقوامی یومِ یوگ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

 



علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بارہواں بین الاقوامی یومِ یوگا نہایت جوش و خروش اور بھرپور شرکت کے ساتھ منایا گیا۔ شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب کا موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" تھا جس میں 800 سے زائد طلبہ، اساتذہ، افسران، ملازمین اور یوگا سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ فزیکل ایجوکیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ایک ہمہ گیر طرزِ زندگی ہے جو جسم، ذہن اور روح کے درمیان توازن اور ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے ذاتی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوگا ذہنی سکون، جذباتی استحکام اور مجموعی صحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تقریب وائس چانسلر کی سرپرستی میں منعقد ہوئی جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خاں شریک سرپرست تھے۔ رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر کنوینر اور شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے چیئرمین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین اور بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کے نوڈل افسر پروفیسر اکرام حسین پروگرام کے رابطہ کار تھے۔ پروفیسر برج بھوشن سنگھ نے کامن یوگا پروٹوکول کے اجتماعی مظاہرے کی قیادت کی۔

شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے پروفیسر اکرام حسین نے بین الاقوامی یومِ یوگا کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور جسمانی صحت، ذہنی سکون اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یوگا کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

تربیت یافتہ انسٹرکٹرز کی نگرانی میں کامن یوگا پروٹوکول کی اجتماعی پیشکش نے نظم و ضبط، یکجہتی اور صحت مند طرزِ زندگی کی دلکش فضا پیدا کی۔

اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے یوگا دیوس کے سلسلے میں منعقدہ پوسٹر پرزنٹیشن اور مضمون نویسی کے مقابلوں کے کامیاب شرکاء میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ یونیورسٹی سطح پر عفیفہ وحید انصاری نے پہلی، عدنان خاں نے دوسری اور شکھر بھدوریا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسکولی سطح پر انعمت خاں اول، احتشام علی دوم اور یاسمین سوم رہیں۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں یاسمین رحمن نے پہلی، جوہر رضا نے دوسری اور عائشہ فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

علاوہ ازیں 14 سے 20 جون تک منعقد ہونے والی سات روزہ یوگا ورکشاپ کامیابی سے مکمل کرنے والے شرکاء میں بھی اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اطہر انصاری، پراکٹر پروفیسر محمد نوید خاں، یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ، کوآرڈینیٹر سی ای سی پروفیسر محمد رضوان خاں، پرنسپل ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج پروفیسر این ڈی گپتا، ممبر انچارج لینڈ اینڈ گارڈنز پروفیسر انور شہزاد، ممبر انچارج دفتر رابطہ عامہ پروفیسر وبھا شرما، یونیورسٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی جعفر عابدی، ڈپٹی پراکٹر پروفیسر عفت اصغر اور رابطہ عامہ افسر عمر پیرزادہ سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

پروگرام کا اختتام ڈاکٹر محمد ارشد باری کے کلماتِ تشکر کے ساتھ ہوا۔