اے ایم یو:سر سید پر مضمون نویسی مقابلہ کے نتائج کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-10-2021
اے ایم یو:سر سید پر مضمون نویسی مقابلہ کے نتائج کا اعلان
اے ایم یو:سر سید پر مضمون نویسی مقابلہ کے نتائج کا اعلان

 

 

علی گڑھ،:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بی اے ایل ایل بی کے طالب علم رضا حیدر زیدی نے عظیم سماجی مصلح سر سید احمد خاں کے 204 ویں یوم پیدائش کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دفتر رابطہ عامہ کے زیر اہتمام منعقدہ کل ہند مضمون نویسی مقابلہ میں پہلا انعام حاصل کیاہے۔اس انعام کے تحت انہیں 25 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے۔ دوسرا انعام راجب شیخ (بی اے، دارالہدا اسلامی یونیورسٹی، مغربی بنگال کیمپس، بیربھوم، مغربی بنگال) کو دیا گیا جنہوں نے 15 ہزار روپے نقد انعام جیتا، جبکہ ابراہیم ہادی (ایم اے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے اس قومی مقابلہ میں تیسری پوزیشن حاصل کی جس کے تحت انہیں دس ہزار روپئے نقد بطور انعام دیے جائیں گے۔

اس مقابلے کے تحت 'سرسید - بین مذاہب مکالمے کے داعی' موضوع پر پورے ملک کے یونیورسٹی اور کالج کے طلباء سے انگریزی میں مضامین مانگے گئے تھے۔ مختلف ریاستوں کی نمائندگی کرنے والے آٹھ دیگر شرکاء کو پانچ ہزار روپے کی انعامی رقم کے ساتھ اسٹیٹ ٹاپر ایوارڈز دیئے گئے ہیں، جبکہ دو ریاستوں کے دو شرکا کو مشترکہ انعامی رقم کے ساتھ مشترکہ طور پر اسٹیٹ ٹاپر قرار دیا گیا ہے۔

ریاستی ٹاپرز میں محمد یاسر جمال قدوائی (بی ایس سی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، یو پی)، انربان نندا (پی ایچ ڈی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بمبئی، مہاراشٹر)، شرینجے روپ سربدھکاری (بی ایس سی، مولانا ابوالکلام آزاد یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، سمہٹ، نادیہ، مغربی بنگال)، مریم مقصود (پی ایچ ڈی، کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، جموں و کشمیر) اور شاداب عالم (بی یو ایم ایس، آیورویدک اور یونانی طبیہ کالج، قرول باغ، نئی دہلی) شامل ہیں۔ دیا آمنہ (بی اے، پی ایس ایم او کالج، تیرورنگڈی، ملاپورم، کیرالہ) اور محمد عاشر (بی اے، جامعہ مدینہ، تھنور مرکز گارڈن، کیرالہ) نے ریاست کیرالہ سے انعام حاصل کیا، جبکہ چناسامودرم چننا کیساوولو اور میدکورو پوجا (انامچاریہ کالج آف فارمیسی،راجم پیٹ، کڈپا سے ڈہ فارما کے طالب علم) نے آندھرا پردیش سے مشترکہ انعام حاصل کیا۔

اول، دوم اور سوم انعام یافتگان کو 17 اکتوبر کو آن لائن منعقد ہونے والی سرسید ڈے تقریب کے دوران مہمان خصوصی کی جانب سے انعام سے نوازا جائے گا جبکہ سبھی انعام یافتگان کو انعامی رقم ان کے بینک اکاؤنٹس میں بھیجی جائے گی اور ڈاک کے ذریعے ان کے سرٹیفکیٹ بھیجے جائیں گے۔