اے ایم یو :سابق طالب علم ڈاکٹر شمس اقبال کی جانب سے جے این میڈیکل کالج کو جدید الٹراساؤنڈ سسٹم کا عطیہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-01-2026
اے ایم یو :سابق طالب علم ڈاکٹر شمس اقبال کی جانب سے جے این میڈیکل کالج کو جدید الٹراساؤنڈ سسٹم کا عطیہ
اے ایم یو :سابق طالب علم ڈاکٹر شمس اقبال کی جانب سے جے این میڈیکل کالج کو جدید الٹراساؤنڈ سسٹم کا عطیہ

 



 علی گڑھ :کینسر کی تشخیص اور علاج کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ریڈئیشن آنکولوجی کو اے ایم یو کے سابق طالب علم ڈاکٹر شمس اقبال ایم بی بی ایس 1997 بیچ کنسلٹنٹ انٹروینشنل ریڈیولوجسٹ ہارورڈ میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل امریکہ کی جانب سے جدید ترین کلر ڈوپلر ٹکنالوجی سے لیس اعلیٰ معیار کا الٹراساؤنڈ سسٹم عطیہ کیا گیا۔ یہ عطیہ یونیورسٹی اور اس کے سابق طلبہ کے درمیان مضبوط اور دیرینہ رشتے کی خوبصورت مثال ہے۔

اس جدید الٹراساؤنڈ نظام سے جے این میڈیکل کالج میں کینسر کے علاج کے طریقوں میں نمایاں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔ ہائی ریزولوشن اور ریئل ٹائم امیجنگ کی صلاحیت رکھنے والی یہ مشین امیج گائیڈڈ بریکی تھیرپی میں نہایت مؤثر ثابت ہوگی۔ خاص طور پر پروسٹیٹ اور سروائیکل کینسر کے ساتھ ساتھ دیگر سالڈ اور سوفٹ ٹیشو ٹیومرز کی درست تشخیص اور علاج میں اس کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ ریڈیو ایکٹو سیڈز اور بیڈز کی درست تنصیب کے ذریعے علاج کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے جس سے خطرات میں کمی اور مریضوں کی سلامتی میں اضافہ ہوگا۔

الٹراساؤنڈ سسٹم کے افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر نعیمہ خاتون نے ڈاکٹر شمس اقبال کے اس قیمتی عطیے کو سراہا اور اسے ادارے کی ترقی کے لیے سابق طلبہ کی وابستگی کی روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سابق طلبہ کے اس گہرے احساس تشکر اور ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے جو وہ اپنی مادر علمی کے تئیں رکھتے ہیں۔ اس طرح کی کاوشیں نہ صرف طبی سہولتوں کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود دیگر سابق طلبہ کو بھی اے ایم یو کی تعلیمی اور طبی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر شمس اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں اپنی مادر علمی کی خدمت پر فخر ہے جس نے ان کے طبی کریئر کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے الٹراساؤنڈ سسٹم کے طبی استعمال کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا اور جدید آنکولوجیکل پریکٹس اور درستگی پر مبنی کینسر علاج میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شعبہ ریڈئیشن آنکولوجی کے چیئرمین پروفیسر محمد اکرم نے عطیہ دہندہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابق طلبہ کی سرپرستی پر مبنی اقدامات جے این میڈیکل کالج میں کینسر کی نگہداشت کی خدمات کو بہتر بنانے میں نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عطیے سے ادارہ مستقبل میں ایک جامع کینسر مرکز کے طور پر اپنی الگ شناخت قائم کرے گا۔

اس پروگرام میں فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد جے این ایم سی ایچ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر آصف ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ضیاء صدیقی شعبہ ریڈیولوجی کے چیئرمین پروفیسر مہتاب احمد ڈاکٹر سیف اللہ خالد ڈاکٹر محمد شہاب عالم ڈاکٹر سمرین ظہیر مسٹر وی اے ایم انصاری کے علاوہ شعبہ ریڈئیشن آنکولوجی اور دیگر شعبہ جات کے اساتذہ منتظمین اور عملے کے اراکین موجود تھے