اے ایم یو : چار سالہ بچہ کو مستقل پیس میکر لگایا گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2021
اے ایم یو :  چار سالہ بچہ کو مستقل پیس میکر لگایا گیا
اے ایم یو : چار سالہ بچہ کو مستقل پیس میکر لگایا گیا

 

 

علی گڑھ۔: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹروں نے ایک چار سالہ بچہ کے دل میں مستقل پیس میکر لگاکر اسے نئی زندگی دی ہے۔ علی گڑھ کے قریبی ضلع سے تعلق رکھنے والے اس بچہ کے دل میں بچپن سے ہی سوراخ تھا، دیگر نقائص تھے اور پیدائش سے ہی دل بلاک تھا۔

کارڈیالوجی شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ایم یو ربانی، ڈاکٹر شاد عبقری (پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ اور نوڈل افسر آئی پی سی سی) نے سینئر کیتھ لیب تکنیشیئن مسٹر اصغر عباس اور میڈٹرانک ڈیوائس، یو ایس اے کے مسٹر امت لال کے تعاون سے بچہ کو مستقبل پیس میکر لگایا۔ جے این میڈیکل کالج میں پہلی بار اتنی کم عمر کے فرد کو پیس میکر لگایا گیا ہے جو ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔

پروفیسر ربانی نے بتایا کہ اتنے چھوٹے بچے کو پیس میکر لگانا ایک مشکل اور پیچیدہ عمل تھا۔ دل کی خرابی کے لئے بچے کا آپریشن پروفیسر اعظم حسین، ڈاکٹر مینک یادو اور ڈاکٹر شمائل ربانی کی ٹیم نے پرفیوژنسٹ مسٹر صابر کے ہمراہ کیا۔ بچہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گیا ہے اور اسے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ٹیم کو سخت محنت اور لگن کا مظاہرہ کرنے اور اس شاندار کارنامے کے لئے مبارکباد پیش کی۔

جے این ایم سی کے پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر شاہد علی صدیقی نے کہا کہ اے ایم یو کا میڈیکل کالج ریاست بھر سے ریفر کئے گئے بچوں کو دل کا بہترین علاج فراہم کر رہا ہے۔