ہند پاک سرحد پر رات گزاریں گے امت شاہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-11-2021
ہند پاک سرحد پر رات گزاریں گے امت شاہ
ہند پاک سرحد پر رات گزاریں گے امت شاہ

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آئندہ 4 دسمبر2021 کو ریاست راجستھان میں ہند پاک سرحد کے قریب ایک رات گزاریں گے۔

وزارت داخلہ کے اعلیٰ ذرائع نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ وزیرداخلہ امت شاہ 4 سے 5 دسمبر تک راجستھان کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ ہوں گے۔

وزیر داخلہ 4 دسمبر2021 کو جیسلمیر کا دورہ کریں گے اور خطے میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔ امت شاہ کا جیسلمیر کا دورہ بی ایس ایف کے 57ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے دوران ہو رہا ہے جو وہاں پہلی بار منایا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ 4 دسمبر کو جیسلمیر پہنچ کر ملک کی مغربی سرحد پر سیکورٹی کا جائزہ لیں گے اور بی ایس ایف اہلکاروں کی رات کی گشت پر کڑی نظر رکھیں گے۔

اس کے علاوہ وہ علاقے میں ایک سرحدی چوکی پر بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ ایک رات بھی گزاریں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب وزیر داخلہ سرحد کے قریب بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ رات گزاریں گے۔

وزیر داخلہ 5 دسمبر کی صبح بی ایس ایف کے یوم تاسیس کے پروگرام میں شرکت کریں گے اور پھر جے پور کے لیے روانہ ہوں گے۔ پہلے بی ایس ایف دہلی میں اپنا یوم تاسیس مناتی تھی۔ بی ایس ایف کا قیام یکم دسمبر 1965 کو عمل لایا گیا۔ جس کے ذمہ مقصد ہند پاک اور ہندوستان-بنگلہ دیش سرحدوں کی حفاظت ہے۔

بی ایس ایف وادی کشمیر میں دراندازی کے خلاف کردار ادا کر رہا ہے، شمال مشرقی خطے میں انسداد بغاوت، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ ریاستوں میں نکسل مخالف آپریشنز اور پاکستان اور بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد کے ساتھ مربوط چیک پوسٹوں کی حفاظت میں بھی یہ فعال ہے۔

ذرائع کے مطابق جے پور کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران وزیرداخلہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی ورکنگ کمیٹی اور عوامی نمائندوں بشمول ارکان پارلیمان، ایم ایل اے، ضلعی سربراہان، پنچایت سمیتی کے ارکان اور پردھان کی ایک میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔