امت شاہ کا بڑا بیان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-09-2025
امت شاہ کا بڑا بیان
امت شاہ کا بڑا بیان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی  وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب کئی ترقی یافتہ ممالک کساد بازاری  کا سامنا کر رہے ہیں، ہندوستان میں ایف ڈی آئی میں 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ امت شاہ ممبئی میں منعقدہ  پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس دوران انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
ہندوستان۔امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شاہ نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان بات چیت آخری مرحلے میں ہے۔ ہندوستانی حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ معیشت ہموار طریقے سے چلتی رہے۔ ایک ہفتے کے اندر صورتِ حال واضح ہو جائے گی۔
شاہ نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوان، ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پروگرام میں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور کئی دیگر معزز شخصیات بھی موجود رہیں۔
جب شاہ سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کا زور خالص ملکی مصنوعات پر ہے تو اس کا کیا مطلب ہے؟ اس پر شاہ نے کہا کہ جس چیز کو بنانے میں ہندوستانی مزدور کا پسینہ بہا ہے، وہ سودیشی ہے۔ جس چیز کی پیداوار ہندوستان میں ہوتی ہے، وہ سودیشی ہے… ہم ہندوستان کو دنیا میں پیداوار کا مرکز  بنانا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے ملک کے سامنے صرف معاشی ترقی ہی سوال نہیں ہے بلکہ ملک کی 130 کروڑ آبادی کا روزگار بھی ایک بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے پیش نظر ہی نریندر مودی حکومت کئی اسکیمیں لے کر آئی اور دنیا بھر کی کمپنیوں کو ہندوستان میں پیداوار کرنے کے لیے مدعو کیا۔
سو فیصد سودیشی سامان ہی خریدیں
شاہ نے کہا کہ وہ پروگرام کے ذریعے ملک کی عوام سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ دیوالی آ رہی ہے، سو فیصد سودیشی سامان ہی خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ترقی کی کہانی کو برقرار رکھے گا۔
جی ایس ٹی پر بھی بولے شاہ
وزیر داخلہ نے کہا کہ راہل گاندھی کی پارٹی کے کئی لوگوں نے کہا کہ جی ایس ٹی  ہمارا اقدام تھا تو پھر آپ نے اسے نافذ کیوں نہیں کیا؟ تو جواب ملتا ہے کہ ریاستیں مخالفت کر رہی تھیں۔ ان کی حکومت ریاستوں کو ترقی کی ضمانت نہیں دے پائی۔ مودی حکومت آئی اور اس نے ریاستوں کو 14 فیصد ترقی کی ضمانت دی۔
شاہ نے کہا کہ ہندوستان وہاں سے تیل خریدتا رہے گا جہاں سے اسے سب سے اچھی قیمت پر تیل دستیاب ہوگا۔