پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کے سیتا مڑھی میں ماں سیتا کی جنم بھومی پر پوناورادھام مندر اور احاطے کی ہمہ جہتی ترقی کے وسیع منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سیتا مڑھی۔دہلی امرت بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی اور جانکی مندر کے ڈیزائن کا اجراء کیا۔ انہوں نے اس موقع پر راہل گاندھی پر ووٹ بینک کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بہار انتخابات سے پہلے ہی ہار کی وجہ بتا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کانگریس اور آر جے ڈی کو ایس آئی آر کی مخالفت پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گھس پیٹھیوں کو کبھی ووٹ کا حق نہیں ملے گا۔
امت شاہ نے پوناورادھام مندر کے بارے میں کہا کہ یہ صرف ایک مندر نہیں بلکہ بہار اور متھلا خطے کے خوشحال مستقبل کی شروعات ہے۔ یہاں سے دوبارہ علم کا مرکز بنانے کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کی قیادت میں متھلا کا کئی طریقوں سے اعزاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متھلا کی ثقافت پورے ہندوستان کی ثقافت کا انمول زیور ہے۔ 890 کروڑ روپے کی لاگت سے ماں جانکی کا مندر بنایا جائے گا اور 137 کروڑ روپے ماں جانکی کے مندر کی مرمت و تجدید پر خرچ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت ماں کی عظمت کا احترام کرتی ہے۔ ہم "رادھے شیام" بھی بولیں گے اور "سیتا رام" بھی۔ ہم نے ہمیشہ ملک میں ماں کی پوجا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ایودھیا میں رام مندر تعمیر کیا اور کئی مذہبی مقامات کا بھی احیاء کیا۔
ایس آئی آر کے حق میں امیت شاہ کا سوال
انہوں نے کہا کہ بہار میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایس آئی آر ہونا چاہیے یا نہیں؟ میں عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ گھس پیٹھیوں کو ووٹر لسٹ سے نکالنا چاہیے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کو ایس آئی آر کرنی چاہیے یا نہیں؟ لالو پرساد بتائیں کہ آپ کس کو بچانا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی فہرست پر آپ کی پارٹی اور کانگریس نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ جو لوگ بنگلہ دیش سے آکر بہار کے نوجوانوں کی نوکریاں چھین لیتے ہیں، وہ انہیں بچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ایس آئی آر کی مخالفت اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ گھس پیٹھیے ان کے ووٹ بینک ہیں۔ یہاں مکمل اکثریت کے ساتھ این ڈی اے کی حکومت بننے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی حفاظت کے لیے ملک کے وزیر اعظم پرعزم ہیں۔ کانگریس کے دور میں بم دھماکے ہوتے تھے اور دہشت گرد پاکستان بھاگ جاتے تھے۔ پہلگام میں حملے کے بعد "آپریشن سندور" چلا کر دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔ لالو اینڈ کمپنی پارلیمنٹ میں "آپریشن سندور" کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہیں معلوم نہیں کہ یہ این ڈی اے کی حکومت ہے اور ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔
راہل گاندھی ووٹ بینک کی سیاست بند کریں
انہوں نے کہا کہ راہل جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ ووٹ بینک کی سیاست بند کریں۔ آپ کے پردادا نہرو نے یہ سلسلہ شروع کیا تھا۔ ایک کے بعد ایک الیکشن ہارتے جا رہے ہیں، اب پہلے سے ہی بہار میں ہارنے کی وجہ بتا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے جب لالو جی ریلوے کے وزیر تھے، بہار میں ریل کی ترقی کے لیے 1132 کروڑ روپے خرچ کیے جاتے تھے، لیکن مودی جی نے 2025-26 میں صرف ریل کے لیے 10066 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ وزیر اعظم اور ریلوے کے وزیر کو بہار کی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ آج خوشی کی بات ہے کہ امیت شاہ کے ذریعے ماں سیتا کے عظیم الشان مندر کا سنگِ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ آپ سب لوگ ان کا ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کریں۔ 2005 سے پہلے یہاں کچھ نہیں تھا، شام کے بعد کوئی باہر نہیں نکلتا تھا، آنے جانے کا راستہ بھی نہیں تھا۔ ہم آئے تو ایک ایک کر کے کام کیا۔ 2018 میں ہم نے ہر گھر میں بجلی پہنچا دی۔ اب ہم سب کے لیے بجلی مفت کرنے والے ہیں۔ پہلے تھوڑا پیسہ لگتا تھا، اب سب مفت کرنے والے ہیں۔