نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جمعرات کی شام مغربی بنگال کے سلی گوڑی پہنچیں گے۔ اپنے تین روزہ دورے کے دوران شاہ سرحدی سلامتی سے متعلق پروگراموں میں شرکت کریں گے، مسلح سرحدی فورس (ایس ایس بی) کے اہلکاروں سے ملاقات کریں گے اور جائزہ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق شاہ جمعرات کی رات تقریباً 8 بجے چنئی سے باگ ڈوگرا ہوائی اڈے پہنچیں گے، جہاں سے وہ سکنا روانہ ہوں گے اور رات وہیں قیام کریں گے۔ جمعہ کو وزیر داخلہ سلی گوڑی میں ایس ایس بی کے فرنٹیئر ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے۔ وہاں وہ سرحدی سلامتی سے متعلق کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور ایس ایس بی کے جوانوں سے ملاقات کریں گے۔
شاہ جوانوں کے ساتھ ’’بڑا کھانا‘‘ (اجتماعی ضیافت) میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ سلی گوڑی کے کاواکھالی میدان میں ’بھارتیہ نیائے سنہتا‘ سے متعلق نمائش کے ایک پروگرام اور اجلاس میں شرکت کریں گے۔ حکام نے بتایا کہ پروگرام کے بعد شاہ واپس سکنا جائیں گے، جہاں وہ دو جائزہ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ ان میں سے ایک اجلاس سرحدی سلامتی سے متعلق ہوگا۔