گوہاٹی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر ڈاخلہ امت شاہ نے گوہاٹی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ممبر پارلیمان راہل گاندھی کو اگر ذرا بھی شرم ہے تو انہیں معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی مرحومہ والدہ کے لیے جو نازیبا تبصرہ کیا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس اور آر جے ڈی کی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ کے دوران اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا گیا تھا۔ اس سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جس کے بعد عوام میں شدید غصہ پھیل گیا۔
امت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے جو شروع کیا ہے، اس سے پورے ملک کی عوام حیران ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ اسے عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے۔ لیکن دو دن پہلے جو ہوا، اس نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ وزیراعظم مودی کی والدہ نے پوری زندگی جدوجہد کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اچھے سنسکار دیے۔ ایسے سنسکار جن کی بدولت آج ان کا ایک بیٹا دنیا کا رہنما بن گیا ہے۔ ایسی عظیم خاتون کے بارے میں نازیبا الفاظ کہنا انتہائی غلط بات ہے۔ ہندوستان کی عوام اسے برداشت نہیں کرے گی۔ اس سے زیادہ سیاست اور عوامی زندگی میں زوال نہیں ہو سکتا۔ میں درخواست کرتا ہوں کہ اگر ذرا سی بھی شرم باقی ہے تو راہل گاندھی وزیراعظم مودی، ان کی والدہ اور ملک سے ایک بار معافی مانگیں۔