امیر شریعت کی ڈاکٹر عبدالحئی اور ایڈوکیٹ راغب احسن سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-10-2021
امیر شریعت کی  ڈاکٹر عبدالحئی اور ایڈوکیٹ راغب احسن سے ملاقات
امیر شریعت کی ڈاکٹر عبدالحئی اور ایڈوکیٹ راغب احسن سے ملاقات

 

 

 پٹنہ :  بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیر شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر آج مولانا سجاد میموریل ہاسپیٹل کے چیرمین جناب ڈاکٹر احمد عبدالحئی صاحب سے ملاقات کے لیے پارس ہاسپیٹل پہنچے۔

امیر شریعت کی آمد پر عملہ نے پرتپاک خیر مقدم کیا۔ حضرت امیر شریعت سے ملاقات ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ آپ کی آمد سے مجھے بڑی خوشی ہوئی، خود میری خواہش تھی کہ آپ سے ملوں۔ لیکن آج ہی 16؍بیڈ کے آئی سی یو کے افتتاح کے سلسلہ میں باہر جانے والاتھا۔ لوٹنے پر آپ سے تفصیلی ملاقات کروں ۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ اسپتال کے پیچھے والدہ محترمہ کے نام سے نرسنگ کالج کا پلان ہے، بلڈر کا کہنا ہے کہ جولائی تک وہ دے پائیں گے، اس کے لیے خصوصی دعاؤں کی گذارش ہے۔ اُنھوں نے بچیوں کی صلاحیت کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بچیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، اُن کی صحیح طریقے سے رہنمائی کی ضرورت ہے۔

اُنھوں نے اِس موقع پر امارت شرعیہ اور سابق امرائے شریعت سے اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حضرت امیر شریعت رابع سے بھی میرے گہرے مراسم رہے ہیں، میں انھیں چچا جان کہا کرتا تھا۔ ایک موقعہ سے میں نے عرض کیا کہ ‘‘چچا جان’’ روحانی علاج کے ساتھ جسمانی علاج بھی ضروری ہے اگر جسم نہیں رہے گا تو روح کا علاج کیسے کریں گے۔ حضرت امیر شریعت رابع ؒ کو میری یہ بہت پسند آئی اور اس طریقے سے مولانا سجاد میموریل ہسپتال کا افتتاح ہوا۔ حالیہ دنوں اپنے استعفیٰ نامے کے بارے میں اُنھوں نے کہا کہ جب بھی کوئی نئے امیر بنے ہیں، خواہ وہ امیر شریعت سادس ہوں، یا امیر شریعت سابع میں نے ہر ایک کو اپنا استعفیٰ نامہ پیش کیا ہے۔

لیکن الحمدللہ! دونوں امرائے سابقین نے مجھے یہی کہا کہ میرے آنے کے بعد بھی آپ کی ضرورت ہے، آپ اپنا کام حسب سابق کرتے رہیں۔ آج کی خوشگوار ملاقات کے بعد ان شاء اللہ آگے بھی کام کرتا رہوں گا۔ ہوسپیٹل اور امارت شرعیہ کی ترقیات کے لیے ممکنہ حد تک مل جل کر جد وجہد جاری رہے گی۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سے بہتر کام لے اور ادارہ کو اپنے مقاصد کی طرف آپ کی قیادت میں رواں دواں رکھے۔

 اس کے ساتھ  امیر  شریعت نے ایک اور سئنیر شخصیت سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی جو ایڈوکیٹ راغب احسن ہیں ۔ جنہوں نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر آج شام بعد مغرب از خود مجھ سے ملاقات کے لیے میرے گھر تشریف لائے۔ ان سے ملاقات کے بعد مجھے احساس ہوا کہ جتنی غلط فہمیاں ان سے متعلق پھیلائی جارہی تھی وہ سب غلط اور بے بنیاد تھیں.

. ان سے ملاقات کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنا استعفیٰ واپس لیتا ہوں اور جیسا کہ حضرت امیر شریعت نے فرمایا کہ ہم سب لوگ مل کر امارت شرعیہ کو مزید مستحکم بنائیں گے اور ایک دوسرے کی صلاحیت سے امارت کو فائدہ پہونچاتے رہیں گے. انشاءاللہ حضرت امیر شریعت نے مجھ سے فرمایا کہ امارت شرعیہ میں کام کا آپ کو لانبا تجربہ ہے، آپ کے تجربہ کے ساتھ مل کر مجھے کام کرنا ہے -  اس لیے میں ان کے اس جذبے کی قدر کرتا ہوں اور اپنا استعفیٰ واپس لیتے ہوے یہ ارادہ کرتا ہوں امیرشریعت کے ساتھ مل کر امارت شرعیہ کی خدمت کرتا رہونگا انشاءاللہ