پیپر لیک قانون میں ترمیم، صدر کی منظوری

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
پیپر لیک قانون میں ترمیم، صدر کی منظوری
پیپر لیک قانون میں ترمیم، صدر کی منظوری

 



نئی دہلی: عوامی امتحانات کے پرچہ لیک معاملات میں ملزمان کے خلاف تیز رفتار سماعت کے لیے ریاستوں کو خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اختیار دینے اور سزاؤں کو مزید سخت بنانے والے ترمیمی قانون کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری مل گئی ہے۔

جمعہ کو جاری ہونے والے گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارتِ قانون نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے اس ہفتے منظور ہونے والے لوک پریکشا (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ترمیمی بل، 2026 پر صدر نے دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ قانون نافذ ہو گیا ہے۔

ترمیم شدہ قانون کے مطابق اب سوالیہ پرچہ لیک سے متعلق مقدمات کی تفتیش دو ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ قانون میں پرچہ لیک کرانے یا امتحانات میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مجرموں کے لیے کم از کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ دس سال قید کے ساتھ 50 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ منظم جرائم کے معاملات میں کم از کم سات سال قید اور زیادہ سے زیادہ 10 کروڑ روپے جرمانے کی سزا کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

حکومت نے نیٹ-2026 کے پرچہ لیک معاملے پر ملک بھر میں طلبہ کے احتجاج کے بعد اس ترمیمی بل کو جلد منظور کرانے پر زور دیا تھا۔ یہ قانون 2024 کے اصل قانون میں ترمیم کرتے ہوئے جرمانے کی رقم میں اضافہ اور قصورواروں کے لیے مزید سخت سزاؤں کا بندوبست کرتا ہے۔ حالیہ طلبہ تحریکوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ایسے سخت قانون اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کی یقین دہانی کرائی تھی۔

قانون میں 15 اقسام کی غیر قانونی سرگرمیوں کو جرم قرار دیا گیا ہے، جن میں پرچہ لیک کرنا، او ایم آر شیٹ میں چھیڑ چھاڑ، جعلی ویب سائٹ بنانا اور فرضی ایڈمٹ کارڈ جاری کرنا شامل ہیں۔ ترمیم شدہ قانون کے تحت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کی ہدایت دی جائے گی، جنہیں چارج شیٹ داخل ہونے کے تین ماہ کے اندر مقدمات کا فیصلہ کرنا ہوگا۔