نئی دہلی: لوک سبھا نے بدھ کے روز "لوک پریکشا (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ترمیمی بل، 2026" منظور کر لیا۔ یہ بل نیٹ (NEET) سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے واقعات کے پس منظر میں لوک پریکشا (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ، 2024 کو مزید سخت بنانے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
بل پر بحث کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے بعض بیانات پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان شدید نوک جھونک ہوئی، جس کے باعث ایوان کی کارروائی پہلے تقریباً 40 منٹ کے لیے اور پھر دوبارہ تین بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ جب سہ پہر تین بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو کانگریس کے ارکان "ایل او پی کو بولنے دو" کے نعرے لگا رہے تھے۔
ہنگامے کے درمیان ہی وزیرِ مملکت برائے وزیر اعظم دفتر جتیندر سنگھ نے بحث کا جواب دیا، جس کے بعد ایوان نے صوتی ووٹنگ کے ذریعے بل منظور کر لیا۔ بل کی منظوری کے بعد بھی کانگریس ارکان کی نعرے بازی جاری رہی، جس پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے دن بھر کے لیے ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی۔
بحث کا جواب دیتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہا کہ نیٹ پیپر لیک معاملے میں حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 12 جولائی کو تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کر دی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقدمے میں گزشتہ روز چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے اور آج سے سماعت بھی شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ترمیمی قانون کے نافذ ہونے کے بعد یہ مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت میں چلے گا اور توقع ہے کہ پانچ ماہ کے اندر اس کا فیصلہ آ جائے گا۔
جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے 2024 میں ہی پیپر لیک کے خلاف سخت قانون بنایا تھا، لیکن بعد میں سامنے آنے والی خامیوں کے پیش نظر اسے مزید سخت کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ انہوں نے کانگریس رکن گورو گوگوئی کے اس بیان پر بھی ردعمل ظاہر کیا، جس میں انہوں نے دہلی میں احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کارروائی کو "معصوم بچوں پر ظلم" قرار دیا تھا۔
جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور یہ یقینی بنایا کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شاید گورو گوگوئی اپنے تجربے کی بنیاد پر بات کر رہے ہیں، کیونکہ 1979 سے 1984 کے دوران آسام میں طلبہ تحریک پر پولیس کارروائی میں 860 افراد مارے گئے تھے، جن میں زیادہ تر طلبہ تھے، اور اس وقت ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی۔ جتیندر سنگھ نے کانگریس رہنما پرینکا گاندھی کے اس دعوے پر بھی سوال اٹھایا کہ گزشتہ چند برسوں میں 152 مرتبہ پیپر لیک ہوئے اور 750 کروڑ بچوں پر اس کا اثر پڑا۔
انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں یہ اعداد و شمار کہاں سے لائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرینکا گاندھی کا یہ کہنا بھی درست نہیں کہ 2024 کے قانون کے بعد کوئی کارروائی نہیں ہوئی، کیونکہ ایسے معاملات میں اب تک 52 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔ وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تعلیمی اصلاحات کے عزم کے مطابق ہی حکومت نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 نافذ کی، جو ان کے بقول کانگریس کا ادھورا کام تھا۔
بل کے مطابق امتحانات میں پیپر لیک کرنے یا دیگر غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے والوں کو کم از کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ دس سال قید کے ساتھ 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح منظم جرائم میں ملوث افراد کے لیے کم از کم سات سال قید اور 10 کروڑ روپے تک جرمانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ترمیمی بل میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ تمام تحقیقات دو ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جو چارج شیٹ داخل ہونے کے تین ماہ کے اندر مقدمات کا فیصلہ کریں گی۔