نئی دہلی
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی دہلی میں آئندہ تعلیمی سال 2026-27 کے لیے نصاب میں کم از کم پانچ نئے پروگرام شامل کیے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی پوسٹ گریجویٹ کرکولم فریم ورک کے تحت سات شعبوں میں ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ پروگرام بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
کشمیری گیٹ کیمپس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں حکام نے بتایا کہ 2026-27 کے داخلوں کے ساتھ تعلیمی پروگراموں میں نمایاں توسیع دیکھنے کو ملے گی۔یونیورسٹی حکام کے مطابق، "اس تعلیمی سیشن سے ایم اے کریئیٹو رائٹنگ اور ایم اے پرفارمنگ آرٹس (تھیٹر آرٹس) جیسے نئے پوسٹ گریجویٹ پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں، جبکہ بی اے میوزیالوجی، کلچر اور ہیریٹیج مینجمنٹ جیسے انڈرگریجویٹ پروگرام بھی شروع کیے جا رہے ہیں، جو یونیورسٹی سطح پر اپنی نوعیت کے ابتدائی کورسز میں سے ایک ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور نیا کورس بی اے ویژول آرٹس متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ بی ایس سی میتھمیٹکس کو بی اے (آنرز) میتھمیٹکس سے ری اسٹرکچر کر کے اس میں ڈیٹا سائنس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو بطور مائنر شامل کیا جائے گا۔
حکام نے کہا کہ "یونیورسٹی ملک کی پہلی جامعات میں شامل ہے جہاں نفسیات، انگریزی، ہندی، معاشیات، سوشیالوجی، تاریخ اور سیاسیات جیسے شعبوں میں ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں، جو قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق ہیں۔ چار سالہ بی اے پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ کسی بھی یونیورسٹی سے سی یو ای ٹی -پی جی کے نتائج کی بنیاد پر ان پروگراموں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔داخلہ عمل سے وابستہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ پوسٹ گریجویٹ داخلے آئندہ ہفتے شروع ہونے کی توقع ہے، تاہم تاریخوں کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ انڈرگریجویٹ داخلے کے نتائج آنے کے بعد شروع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ دو سالہ اور ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے داخلے ایک ساتھ چلیں۔ چونکہ یہ ایک سالہ پروگرام کا پہلا سال ہے، اس لیے اس سال کے داخلے طلبہ کی درخواستوں کے رجحانات کو سمجھنے میں بھی مدد دیں گے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی وائس چانسلر انو سنگھ لاٹھر نے کہا کہ یونیورسٹی کا تعلیمی فریم ورک تعلیمی جدت میں اس کی طویل قیادت کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ اس نے قومی سطح پر باضابطہ نفاذ سے پہلے ہی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے کئی اہم عناصر جیسے مسلسل جائزہ نظام، بین الشعبہ جاتی تعلیم اور لچکدار نصاب کو نافذ کر دیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ تعلیمی سال 2026-27 کے لیے یونیورسٹی میں انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں کے تحت 78 کورسز میں 3000 سے زائد نشستیں دستیاب ہوں گی۔ داخلے سی یو ای ٹی -یو جی ، سی یو ای ٹی- پی جی اور این سی ای ٹی کے ذریعے ہوں گے اور درخواستیں یونیورسٹی کے داخلہ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔درخواست کے عمل کو آسان بنانے کے لیے امیدوار ایک ہی رجسٹریشن فیس کے ذریعے متعدد پروگراموں میں اپلائی کر سکتے ہیں، جبکہ مخصوص زمروں کے لیے فیس میں رعایت بھی دی جائے گی۔
حکام کے مطابق، مالی امداد یونیورسٹی کے سپورٹ سسٹم کا ایک اہم حصہ ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور پی ڈبلیو بی ڈی زمروں کے طلبہ کو 100 فیصد فیس معافی دی جاتی ہے، جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ کے لیے مرحلہ وار فیس میں رعایت فراہم کی جاتی ہے۔