بنگال : کَل اسمبلی چناﺅ کے پانچویں مرحلے کیلئے تیاریاں مکمل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
مغربی بنگال میں  اسمبلی چناﺅ کل آٹھ مراحل میں ہوں گے
مغربی بنگال میں اسمبلی چناﺅ کل آٹھ مراحل میں ہوں گے

 

 

 کولکاتا:مغربی بنگال میں جہاں کَل اسمبلی چناﺅ کے پانچویں مرحلے کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے، سبھی ضروری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح سات بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے گا۔ چناﺅ کمیشن نے ہر پولنگ اسٹیشن پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ وِی وِی پیٹ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ چناﺅ عمل کی شفافیت اور ساکھ میں اضافہ کیا جاسکے۔ کمیشن نے پانچویں مرحلے کیلئے مغربی بنگال میں مرکزی مسلح پولیس فورسز کی 853 کمپنیاں تعینات کی ہیں جبکہ سابقہ مرحلے میں 789 کمپنیاں تعینات کی گئی تھیں۔ کمیشن چاہتا ہے کہ کوچ بہار ضلعے میں سِیتل کوچی کی طرح پھر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ پیش آئے۔

اِس سے پہلے چناﺅ کمیشن نے 24 گھنٹے تک اِس مرحلے کیلئے انتخابی مہم بالکل نہ ہونے دینے کو بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں انتخابی مہم اپنے مقررہ وقت سے ایک دن پہلے ختم ہوگئی تھی۔

عالمی وبا کے پیش نظر چناﺅ کمیشن نے ایک پولنگ اسٹیشن میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار رائے دہندگان کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ، جبکہ اِس سے پہلے 1500 رائے دہندگان کو پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت تھی۔ اُن رائے دہندگان کیلئے پوسٹل بیلٹ کی سہولت کے متبادل میں توسیع کی گئی ہے جو کووڈانیس سے متاثر ہیں۔ اِس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ہر پولنگ اسٹیشن، پینے کا پانی، انتظار کرنے والے شیڈ، پانی کی سہولت کے ساتھ بیت الخلا، روشنی کیلئے مناسب انتظامات اورمعذور افراد کیلئے مناسب چلنے کا انتظام جیسی کم سے کم یقینی سہولتوں سے لیس ہو۔ خصوصی سہولتوں میں پولنگ اسٹیشن کو لازمی طور پر سینیٹائز کیا جانا اور ہر پوائنٹ پر ووٹروں کی تھرمل چیکنگ بھی شامل ہے۔

مغربی بنگال میں چار مرحلوں میں 294 اسمبلی سیٹوں میں سے 135 پر پہلے ہی ووٹ ڈالے جاچکے ہیں۔ ریاست میں 8 مرحلوں میں چناﺅ ہوں گے۔ اسمبلی چناﺅ کے پانچویں مرحلے کے دوران چھ ضلعوں میں 45 سیٹوں کیلئے کُل 319 امیدوار قسمت آزمائیں گے، جن میں 39 خواتین بھی شامل ہیں اور ایک کروڑ 12 لاکھ سے زیادہ ووٹرس ان امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ اِن میں 55 لاکھ 80 ہزار خاتون ووٹرس بھی شامل ہیں۔

مجموعی طور پر اِس مقصد کیلئے 15 ہزار 789 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ 9 ریاستوں میں پھیلے 12 اسمبلی حلقوں کے ساتھ ساتھ کرناٹک میں بیلگام اور آندھراپریش میں تروپتی سمیت لوک سبھا کی دو سیٹوں کے بیک وقت ضمنی چناﺅ کیلئے بھی کَل ووٹ ڈالے جائیں گے۔

مغربی بنگال میں اسمبلی چناﺅ کے ساتویں کے ساتھ ساتھ آٹھویں اور آخری مرحلے کیلئے بھی چناﺅ مہم میں اب تیزی آگئی ہے۔ پانچ ضلعوں کے 36 اسمبلی حلقوں میں 26 اپریل کو ساتویں مرحلے کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ چار ضلعوں میں 35 اسمبلی حلقوں کیلئے 29 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور چناﺅ کا یہ مرحلہ آٹھواں اور آخری ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ 2مئی کو کی جائے گی۔