نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی حکومت نے جمعرات کو سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کر کے آن لائن گیمنگ ایکٹ، 2025 کے فروغ اور ضابطہ بندی کو چیلنج کرنے والی کئی عرضیوں کو مختلف ہائی کورٹس سے اعلیٰ عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست کی تاکہ باہمی متضاد فیصلوں سے بچا جا سکے۔
ہندوستان کے چیف جسٹس (سی جے آئی) بی۔ آر۔ گوئی اور جسٹس کے۔ وِنود چندرن کی بنچ نے کرناٹک، دہلی اور مدھیہ پردیش کی ہائی کورٹس میں زیر التوا تین مقدمات کو سپریم کورٹ میں منتقل کرنے کے لیے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی وزارت کی عرضی کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے فہرست میں شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
مرکزی حکومت کے وکیل نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے ٹرانسفر پٹیشن دائر کی ہے… آن لائن گیمنگ ریگولیشن ایکٹ کو تین ہائی کورٹس میں چیلنج کیا گیا ہے۔ چونکہ یہ کرناٹک ہائی کورٹ میں عبوری احکامات کے لیے درج ہے، تو کیا اسے پیر کے دن سماعت کے لیے رکھا جا سکتا ہے؟
عرضیوں کی منتقلی کی مانگ کے علاوہ، مرکز نے یہ بھی درخواست کی کہ ٹرانسفر پٹیشن کے فیصلے تک مختلف ہائی کورٹس میں ’’رِٹ عرضیوں پر تمام کارروائی پر روک‘‘ لگائی جائے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ ’’مختلف ہائی کورٹس میں ایک ہی نوعیت کے کئی مقدمات زیر التوا ہیں، اس لیے یہ ضروری ہے کہ انہیں اس عدالت یا کسی اور ہائی کورٹ میں منتقل کر دیا جائے تاکہ آراء میں کسی بھی طرح کا اختلاف یا مختلف عدالتوں میں بیک وقت سماعت سے بچا جا سکے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدرِ جمہوریہ کی منظوری کے بعد اس ایکٹ کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرتے ہوئے متعدد ہائی کورٹس میں عرضیاں دائر کی گئی ہیں۔
آن لائن گیمنگ فروغ و ضابطہ بندی ایکٹ، 2025 پہلا مرکزی قانون ہے جس کے تحت پیسے سے جڑے آن لائن کھیلوں پر پورے ملک میں پابندی لگانے کا التزام ہے۔ یہ قانون آن لائن پیسے والے کھیل کھیلنے پر پابندی عائد کرتا ہے اور خلاف ورزیوں کو ’’قابلِ گرفتاری‘‘ اور ’’ناقابلِ ضمانت‘‘ جرائم کی حیثیت دیتا ہے۔
یہ بل 20 اگست کو لوک سبھا میں پیش کیا گیا اور دو دن کے اندر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صوتی ووٹ کے ذریعے منظور ہو گیا۔ 22 اگست کو صدرِ جمہوریہ کی منظوری ملنے کے بعد یہ قانون بن گیا اور اب اسے مدھیہ پردیش، کرناٹک اور دہلی کی ہائی کورٹس میں چیلنج کیا گیا ہے۔