پارلیمنٹ کے کل جماعتی اجلاس میں مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2026
پارلیمنٹ کے کل جماعتی اجلاس میں مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلۂ خیال
پارلیمنٹ کے کل جماعتی اجلاس میں مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

 



نئی دہلی: حکومت نے پارلیمنٹ کے موجودہ بجٹ سیشن کے دوران بدھ کو ایک کل جماعتی اجلاس منعقد کیا، جس میں مغربی ایشیا کی صورتحال اور اس کے بھارت پر اثرات پر بات چیت کی گئی۔ یہ اجلاس وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہوا، جس میں وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، کانگریس کے سینئر رہنما طارق انور اور مکول واسنک سمیت کئی دیگر رہنما شامل تھے۔

اپوزیشن نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کے بعد اس موضوع پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔ کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتیں مغربی ایشیا میں جنگ اور اس کے بھارت پر اثرات کے حوالے سے حکومت سے مسلسل سوالات کر رہی ہیں۔

راجیہ سبھا میں منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری موجودہ تنازع کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سات نئے بااختیار گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جو ایل پی جی، ضروری خدمات اور اشیاء کی فراہمی، اور مختلف شعبوں سے متعلق دیگر موضوعات کا باقاعدہ جائزہ لے کر سفارشات پیش کریں گے۔

وزیر اعظم مودی نے مغربی ایشیا میں جاری تنازع اور اس کے سبب بھارت کے سامنے آنے والے چیلنجز پر راجیہ سبھا میں اپنے بیان میں کہا کہ تین ہفتوں سے زیادہ وقت گزر چکا ہے اور اس جنگ نے دنیا میں شدید توانائی کے بحران کو جنم دیا ہے۔ مودی نے سوموار کو لوک سبھا میں کہا تھا کہ مغربی ایشیا میں تنازع سے پیدا ہونے والا غیر متوقع بحران طویل عرصے تک اثر ڈالے گا، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت پوری طرح تیار ہے۔