تمام کشمیریوں کو شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے؛عمر عبد اللہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2025
تمام کشمیریوں کو شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے؛عمر عبد اللہ
تمام کشمیریوں کو شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے؛عمر عبد اللہ

 



سرینگر: جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے دہلی بلاسٹ میں ریاست کا نام سامنے آنے کے بعد بڑا بیان دیا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ دہلی بلاسٹ کے بعد تمام کشمیریوں کو شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ مرکز کے زیرِ انتظام علاقے سے باہر سفر کرنے سے گھبراتے ہیں، کیونکہ چند لوگوں کے پُرتشدد اعمال کی وجہ سے سب کو مشتبہ سمجھا جاتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں موجودہ حالات کے سبب والدین اپنے بچوں کو باہر بھیجنے سے ہچکچاتے ہیں۔ عمر نے مزید کہا کہ جب ہر طرف سے ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اور کسی اور کے کیے کی وجہ سے ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تو ظاہر ہے کہ ہمارے لیے باہر نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔

عمر عبداللہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک پروگرام کے دوران کہا: جب کچھ لوگوں کے کیے کو ہم سب کے سر تھوپا جاتا ہے، تو بیرونِ ریاست جانا ہمارے لیے بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ بات کہنے میں اچھی نہیں لگتی، لیکن حقیقت یہی ہے۔ دہلی میں ہوئے کار بلاسٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس واقعے میں جو کچھ ہوا اس کے لیے چند لوگ ذمہ دار ہیں، لیکن ایک تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ ہم سب قصوروار ہیں اور ہم سب ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بھی دہلی میں جموں و کشمیر رجسٹریشن والی گاڑی لے جانے سے پہلے دو بار سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل جموں و کشمیر نمبر پلیٹ والی گاڑی دہلی میں لے جانا جرم کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا: جب میرے ساتھ زیادہ سیکیورٹی اہلکار نہیں ہوتے، تو میں سوچتا ہوں کہ اپنی کار نکالوں یا نہیں، کیونکہ مجھے نہیں معلوم کہ کوئی مجھے روک کر پوچھے گا کہ میں کہاں سے آیا ہوں اور کیوں آیا ہوں۔