تمام ہندوستانیوں کو شکلا کے خلائی مشن پر فخر ہے: ششی تھرور

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
تمام ہندوستانیوں کو شکلا کے  خلائی مشن پر فخر ہے: ششی تھرور
تمام ہندوستانیوں کو شکلا کے خلائی مشن پر فخر ہے: ششی تھرور

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس کے  لیڈر ششی تھرور نے خلا باز شوبھانشو شکلا کی کامیابی کو پیر کے روز سراہا اور کہا کہ تمام ہندوستانیوں کو اُن کے حالیہ مشن پر فخر ہے، جو انسانی خلا بازی میں ہندوستان کی امنگوں کی ایک طاقتور علامت کے طور پر کام کرے گا۔ تھرور کا یہ تبصرہ اُس وقت آیا ہے جب اپوزیشن نے خلا باز شوبھانشو شکلا کے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر کامیاب مشن اور خلا کے شعبے میں ہندوستان کی ترقی پر پارلیمنٹ میں مجوزہ خصوصی بحث میں حصہ نہیں لیا۔
تھرور نے کہا کہ شکلا کی "تاریخی پرواز" نے نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی اور خلا کے مطالعے میں کیریئر بنانے کے لیے متاثر کیا ہے، جو ہندوستان کے طویل مدتی خلائی اہداف کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا كہ چونکہ اپوزیشن خصوصی بحث میں شریک نہیں ہو رہی، اس لیے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کمانڈر شبھانشو شکلا کے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے حالیہ مشن پر تمام ہندوستانیوں کو کتنا فخر ہے۔ یہ ہمارے ملک کے اپنے انسانی خلا بازی پروگرام ’گگن یان‘ کے لیے ایک قدم ثابت ہوگا۔
تھرور نے کہا كہ شکلا کے مشن نے اسرو کو انمول عملی تجربہ اور ڈیٹا فراہم کیا ہے، جسے کسی ’سمولیشن‘ میں دہرا نہیں جا سکتا۔ لانچ سے پہلے کی کارروائیوں، اسپیس کرافٹ سسٹمز اور مائیکرو گریوٹی کے نفسیاتی و جسمانی اثرات پر اُن کے براہِ راست مشاہدات، گگن یان مشن کو خطرے سے پاک اور مزید بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس مشن نے حقیقی خلائی ماحول میں ہندوستانی نظام اور پروٹوکول کا ٹیسٹ ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ خلا میں انسانی صحت اور پودوں کی نشوونما پر تحقیق سمیت کئی سائنسی تجربات تکنیکی اور سائنسی شواہد فراہم کریں گے جو گگن یان کے لیے لائف سپورٹ اور طبی نظام کو ڈیزائن کرنے میں براہِ راست مددگار ثابت ہوں گے۔
تھرور نے کہا كہ انٹرنیشنل ایجنسیز کے ساتھ شراکت داری میں انجام دیا گیا شکلا کا مشن عالمی خلائی سفارت کاری میں ہندوستان کے کردار کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ یہ کثیرالجہتی خلائی کوششوں میں شامل ہونے کی ہندوستان کی خواہش اور صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے اور آئندہ مشترکہ تحقیق اور سرمایہ کاری کے دروازے کھولتا ہے۔
سابق مرکزی وزیر تھرور نے اپنے پوسٹ میں کہا كہ کمانڈر شکلا کی تاریخی پرواز انسانی خلا بازی میں ہندوستان کی امنگوں کی ایک طاقتور علامت ہے۔ اس نے ملک کی تخیل کو بیدار کیا ہے اور نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی اور خلا کے مطالعے کے میدانوں میں کیریئر بنانے کی ترغیب دی ہے، جو ہندوستان کے طویل مدتی خلائی اہداف کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔ شاباش۔