علی گڑھ : اے ایم یو اٹل رینکنگ میں ’بینڈ-ایکسیلنٹ‘ میں شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-12-2021
علی گڑھ : اے ایم یو اٹل رینکنگ میں ’بینڈ-ایکسیلنٹ‘ میں شامل
علی گڑھ : اے ایم یو اٹل رینکنگ میں ’بینڈ-ایکسیلنٹ‘ میں شامل

 


آواز دی وائس، علی گڑھ

وزارت تعلیم، حکومت ہند کےاِنّویشن سیل کی حالیہ جاری شدہ اٹل رینکنگ آف انسٹی ٹیوشنس آن اِنّوویشن اچیومنٹس (اے آر آئی آئی اے) 2021 میں مرکز سے امداد یافتہ تکنیکی اداروں، مرکزی یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس آف نیشنل امپورٹنس کے زمرہ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو ’بینڈ- ایکسلنٹ‘ میں شامل کیا گیا ہے۔

اے ایم یو کو تعلیمی کورسوں، کامیاب اختراع، اختراع کو فروغ دینے کے لئے مخصوص انفراسٹرکچر، پیٹنٹ فائل کرنے، ماحولیاتی نظام کو فعال کرنے والوں کے ساتھ اشتراک و تعاون، تحقیقی نتائج اور ٹکنالوجی کی منتقلی کے معیارات پر اعلیٰ مقام کے لئے پرکھا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس سلسلہ میں کہا ”اے آر آئی آئی اے کے ’بینڈ-ایکسیلنٹ‘ کے ذریعہ تحقیق اور اختراع میں اے ایم یو کے حقیقی معیار اور حصولیابی کو شناخت عطا کی گئی ہے۔

ایک اعلیٰ ہندوستانی عوامی ادارے کے طور پر، اے ایم یو اپنے طلبہ میں اختراع کی ثقافت کو فروغ دے رہا ہے اور فیکلٹی ممبران کو اختراع کرنے والے، معمول سے الگ ہٹ کر سوچنے اور مسائل حل کرنے والے کے طور پر تیار کرتا رہا ہے“۔

اس رینکنگ کے لئے اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ اے ایم یو برادری اس رینکنگ سے بہت خوش ہے اور ہم طلبہ اور فیکلٹی میں اختراع کو فروغ دینے کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں گے“۔

پروفیسر ایم سالم بیگ (چیئرمین، رینکنگ کمیٹی، اے ایم یو) نے کہا”اے ایم یو برادری کے لئے اے آر آئی آئی اے ’بینڈ-ایکسیلنٹ‘ باعث مسرت ہے اور اس سے کیمپس میں اعلیٰ معیار کی تحقیق اور اختراع کو مزید فروغ ملے گا۔

یونیورسٹی کی فعال انتظامیہ کے باعث یہ رینک حاصل ہوئی ہے۔