دہلی سمیت کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-05-2022
دہلی سمیت کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ جاری
دہلی سمیت کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ جاری

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

قومی دارالحکومت نئی دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اس وقت چلچلاتی دھوپ سے کوئی راحت ملنے والی نہیں ہے۔

نئی دہلی میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید گرمی کے ساتھ لو کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

درجہ حرارت بڑھنے سے محکمہ موسمیات نے لوگوں کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جس کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے تین زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت معمول سے چار زیادہ 29.5 ڈگری سیلسیس رہا۔ ہوا میں نمی کی سطح 32 سے 69 فیصد تک رہی۔

محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسداں کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز میں شدید گرمی کا امکان ہے۔ ایسے میں لوگوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلیں اور کوشش کریں کہ زیادہ دیر تک سورج کی روشنی میں نہ رہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے لیے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وہیں15 مئی2022 کے لیے محکمہ نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور بعض مقامات پر شدید گرمی کی لہر کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی اگلے تین دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ 16 مئی سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی جس سے راحت ملنے کا امکان ہے۔

 وہیں یوپی کے بیشتر علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ لوگ گرمی سے بے حال نظر آ رہے ہیں۔ دوپہرکےوقت بازاروں میں خاموشی چھا گئی۔ گزشتہ دو دنوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہے۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل زرعی یونیورسٹی کے ماہر موسمیات ڈاکٹر یوپی شاہی نے کہا کہ اس ہفتے موسم صاف رہے گا اور درجہ حرارت بڑھے گا۔

راجستھان کےبیشترحصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس سے 48.1 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے مغربی حصے کے تمام اضلاع میں چلچلاتی گرمی اور گرمی کی لہر کی وجہ سے زندگی متاثر ہوئی ہے۔ باڑمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اوڈیشا، مغربی بنگال، آندھرا پردیش وغیرہ جیسی کئی ریاستیں ہیں، جہاں سمندری طوفان آسانی کی وجہ سے بھاری بارش ہوگی۔ اتر پردیش کے مشرقی اضلاع میں ہلکی بارش سے  کچھ راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مشرقی اتر پردیش کے سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، کشی نگر، گونڈا، بستی اور گورکھپور کے ملحقہ علاقوں میں 13 مئی تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

کلواورلاہول کی اونچی چوٹیوں پر جمعرات کو مسلسل تیسرے دن برف پڑی۔ اس کے ساتھ ہی دارالحکومت شملہ سمیت ریاست کے دیگر علاقوں میں دھوپ چھائی رہی۔ جمعہ کو بھی آٹھ وسطی اور بلند پہاڑی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو ریاست کے تمام علاقوں میں موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

تاہم، ایک راحت کی خبر ہے کہ اس سال جنوب مغربی مانسون ملک میں مقررہ وقت سے پہلے پہنچ سکتا ہے اور جزائر انڈمان اور نکوبار میں 15 مئی کو موسم کی پہلی بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوب مغربی مانسون 15 مئی 2022 کے آس پاس بحیرہ انڈمان اور جنوب مشرقی خلیج بنگال تک پہنچنے کا امکان ہے۔