یو پی آئی صارفین کے لیے الرٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-07-2025
یو پی آئی صارفین  کے لیے الرٹ
یو پی آئی صارفین کے لیے الرٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہر مہینے کی پہلی تاریخ کی طرح، اس بار بھی 1 اگست 2025 سے کئی اہم قواعد و ضوابط میں تبدیلی ہونے جا رہی ہے۔ یہ تبدیلیاں براہِ راست عام لوگوں کے روزمرہ کے خرچ، سہولیات اور ڈیجیٹل لین دین پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت سے لے کر یو پی آئی ٹرانزیکشن کی حد تک، کئی ایسے فیصلے ہیں جو آپ کی جیب اور سہولت دونوں پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ بینک تعطیلات، کریڈٹ کارڈ انشورنس، اور سی این جی/پی این جی کی قیمتوں میں بھی 1 اگست سے رد و بدل ممکن ہے۔ ایسے میں اگر آپ ان تبدیلیوں کے بارے میں پہلے سے جان جائیں گے تو اپنی مالی منصوبہ بندی کو بہتر طریقے سے منظم کر سکیں گے۔
ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی
ہر مہینے کی طرح اس بار بھی 1 اگست کو آئل کمپنیاں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں کا جائزہ لیں گی۔ پچھلی بار 1 جولائی کو کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کی کمی کی گئی تھی، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ 1 اگست سے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کچھ راحت مل سکتی ہے، جس سے عوام کو کچھ سکون ملے گا اور کچن کا خرچ کم ہو سکتا ہے۔
سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں بھی تبدیلی ممکن
آئل کمپنیاں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو سی این جی اور پی این جی کی قیمتیں بھی ریویو کرتی ہیں۔ تاہم اپریل کے بعد سے اب تک ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ آخری بار 9 اپریل کو ممبئی میں سی این جی کی قیمت 79.50 فی کلو اور پی این جی کی قیمت 49 فی یونٹ تک پہنچی تھی۔ اب اگست میں ایک بار پھر ان قیمتوں میں رد و بدل ممکن ہے۔ اگر قیمتیں بڑھتی ہیں تو ٹرانسپورٹ اور گھریلو گیس کا خرچ بھی بڑھ جائے گا۔
ہوائی ایندھن کی قیمتوں میں تبدیلی کا اثر ہوائی مسافروں پر پڑے گا
1 اگست کو آئل کمپنیاں ایئر ٹربائن فیول یعنی ہوائی ایندھن کی قیمتوں میں بھی تبدیلی کر سکتی ہیں۔ اگر ہوائی ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو ہوائی ٹکٹ بھی مہنگے ہو سکتے ہیں، اور اگر قیمتوں میں کمی آتی ہے تو سفر سستا ہو سکتا ہے۔ اس تبدیلی کا براہِ راست اثر ہوائی مسافروں پر پڑے گا۔
یو پی آئی سے جڑے نئے ضوابط نافذ ہوں گے
ڈیجیٹل پیمنٹ کو مزید محفوظ اور بہتر بنانے کے لیے 1 اگست سے "نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا" کی جانب سے یو پی آئی سے متعلق کچھ نئے قواعد نافذ کیے جا رہے ہیں۔ اب گوگل پے، فون پے یا پے ٹی ایم جیسے تھرڈ پارٹی ایپس پر دن میں زیادہ سے زیادہ 50 بار ہی بیلنس چیک کیا جا سکے گا۔ وہیں، کسی بھی یو پی آئی ایپ پر موبائل نمبر سے لنک بینک اکاؤنٹس کو دن میں صرف 25 بار ہی دیکھا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ، آٹو پے ٹرانزیکشن جیسے میوچوئل فنڈ کی ایس آئی پی یا او ٹی ٹی سبسکرپشن اب دن میں صرف 3 مقررہ وقتوں پر ہی پروسیس کیے جائیں گے: صبح 10 بجے سے پہلے، دوپہر 1 سے 5 بجے کے درمیان، اور رات 9:30 کے بعد۔ اس سے سسٹم پر دباؤ کم ہوگا اور ٹرانزیکشن فیل ہونے کے امکانات کم ہوں گے۔
اگست میں بینک کی طویل تعطیلات
آر بی آئی کے مطابق، اگست 2025 میں ملک بھر میں مختلف ریاستوں اور تہواروں کے مطابق کل 15 دن بینک بند رہیں گے۔ ان میں یومِ آزادی، جنم اشٹمی، گنیش چتورتھی جیسے تہواروں کے علاوہ اتوار اور دوسرے-چوتھے ہفتے کے سنیچر کی چھٹیاں بھی شامل ہیں۔ ایسے میں ضروری بینکنگ کام پہلے ہی نمٹا لینا بہتر رہے گا تاکہ کسی اہم کام میں تاخیر نہ ہو۔
آر بی آئی کرے گا سود کی شرحوں پر فیصلہ
۔4 اگست سے 6 اگست تک ہندوستانی ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ میں ریزرو بینک کے گورنر سنجے ملہوترا پینل کے ساتھ بیٹھ کر طے کریں گے کہ سود کی شرحوں میں کوئی تبدیلی کی جائے یا نہیں۔ اس کا براہِ راست اثر آپ کے قرضوں کی ای ایم آئی اور سیونگ اکاؤنٹس کی سود کی شرح پر پڑ سکتا ہے۔
۔1 اگست سے ہونے والی تبدیلیوں کی جانکاری ضروری
1 اگست سے نافذ ہونے والی یہ تمام تبدیلیاں آپ کی روزمرہ زندگی، خرچ، ڈیجیٹل ادائیگی اور مالی منصوبہ بندی سے براہِ راست جڑی ہوئی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان نئے ضوابط کو وقت پر سمجھا جائے اور اپنی پلاننگ کو اسی حساب سے ایڈجسٹ کیا جائے۔ اگر آپ ایل پی جی صارف ہیں، ڈیجیٹل پیمنٹ کرتے ہیں، بینکنگ سے وابستہ ہیں یا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو یہ معلومات آپ کے لیے بہت ضروری ہیں۔ اپنے بجٹ کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ان ضوابط پر نظر رکھنا ہی دانشمندی ہے۔