کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
جامع الفتوح انڈین گرینڈ مسجد کے زیرِ اہتمام حسبِ روایت اس سال بھی ماہِ ربیع النور کے پہلے پیر کو عظیم الشان ایک روزہ کانفرنس بعنوان ’’المولد الاکبر‘‘ 25 اگست کو منعقد ہورہی ہے۔ اس میں ملک و بیرونِ ممالک کے جلیل القدر علما، سادات کرام، دانشوران اور ملی و مذہبی قائدین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا مولود پروگرام ہے جو کئی برسوں سے ممتاز عالمِ دین ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری کی قیادت میں منعقد ہوتا چلا آرہا ہے۔
انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے زائرین کی آمد و رفت، قیام و طعام اور دیگر سہولیات کے وسیع پیمانے پر انتظامات جاری ہیں۔ اس موقع پر کلیدی خطاب گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد کریں گے جبکہ صدارت مولانا سلیمان ای مسلیار انجام دیں گے۔ کانفرنس میں عالمی شہرت یافتہ نعت خواں حضرات اپنے مخصوص انداز میں بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے نذرانے پیش کریں گے۔
پروگرام صبح 6 بجے شروع ہو کر ظہر تک جاری رہے گا، جس میں مولود شریف، بردہ مجلس، بیانات، ذکر و اذکار اور خصوصی دعائیں شامل ہوں گی۔ نالج سٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے بتایا کہ حضورِ اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لئے رحمت ہے۔ اس 1500 سالہ جشنِ ولادت کے موقع پر مقصد یہ ہے کہ حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو عام کیا جائے۔
ڈاکٹر ازہری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ امن، آشتی اور کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’المولد الاکبر‘‘ ہندوستان کا سب سے بڑا روحانی اجتماع ہے جس میں عالمی قیامِ امن کے لئے خصوصی دعا کا بھی اہتمام ہوگا۔ آخر میں ڈاکٹر ازہری نے تمام عاشقانِ رسول سے کثیر تعداد میں شرکت کی پُر زور اپیل کی۔