اکشے کمار نے سائبر کرائم کے خلاف خصوصی اپیل کی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-10-2025
اکشے کمار نے سائبر کرائم کے خلاف خصوصی اپیل کی
اکشے کمار نے سائبر کرائم کے خلاف خصوصی اپیل کی

 



ممبئی / آواز دی وائس
ممبئی میں سائبر بیداری ماہ اکتوبر 2025 کا آغاز ہوا، جہاں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس اور بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کو دیکھا گیا۔ یہ تقریب مہاراشٹر پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جہاں اکشے کمار نے اپنی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے سائبر کرائم کے واقعے کا ذکر کیا اور دیویندر فڈنویس سے یہ درخواست کی کہ ہر اسکول میں بچوں کو 'سائبر' کو ایک مضمون کے طور پر پڑھایا جائے۔
تقریب میں اکشے کمار نے کہا کہ میں آپ کو اس واقعے کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں جو کچھ مہینے پہلے میرے گھر میں پیش آیا تھا۔ میری بیٹی آن لائن گیم کھیل رہی تھی اور اس گیم میں کئی ایسے لوگ شامل ہوتے ہیں جنہیں ہم نہیں جانتے۔ وہاں سے میسج آیا، 'بہت اچھا کھیلا، ویری گڈ،' اور پھر سوال آیا کہ 'تم کہاں رہتی ہو؟' میری بیٹی نے مقام  بتا دیا۔ پھر کچھ دن سب کچھ نارمل رہا، اور پھر میسج آتا ہے…'میل ہو یا فی میل؟' میری بیٹی اس کا بھی جواب دیتی ہے۔ اس کے بعد وہ اچانک اس سے فحش تصاویر کی ڈیمانڈ کرتا ہے اور میری بیٹی اس بارے میں میری بیوی کو بتاتی ہے۔
اداکار مزید کہتے ہیں کہ یہ اچھا ہوا کہ میری بیٹی نے اپنی ماں سے یہ پریشانی شیئر کی... لیکن کچھ کیسز میں ایسا نہیں ہو پاتا ہے۔ یہ بھی ایک طرح کا سائبر کرائم ہے اور ایسے ہی شروعات ہوتی ہے۔.. میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے درخواست کرتا ہوں، جیسے اسکولوں میں بچے تاریخ  سیکھتے ہیں، ریاضی  سیکھتے ہیں... ایسے ہی بچوں کو سائبر کے بارے میں پڑھایا جائے۔ ڈیجیٹل ورلڈ کی معلومات کے لیے بچوں کا یہ جاننا بہت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اکشے کمار کی بیٹی نیتارا 12 سال کی ہیں۔ اداکار میڈیا کی نظروں سے اپنی بیٹی کو ہمیشہ بچا کر رکھتے ہیں۔ اداکار کبھی کبھار ہی سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کے ساتھ تصاویر پوسٹ کرتے ہیں اور زیادہ تر تصاویر میں بیٹی کا چہرہ چھپا ہوا ہوتا ہے۔