اخلاق لنچنگ کیس : یوگی سرکار کو ہائی کورٹ سے جھٹکا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
اخلاق لنچنگ کیس : یوگی سرکار کو ہائی کورٹ سے جھٹکا
اخلاق لنچنگ کیس : یوگی سرکار کو ہائی کورٹ سے جھٹکا

 



پریاگ راج: اتر پردیش کے نوئیڈا کے دادری علاقے کے بسہڑا گاؤں میں سال 2015 میں پیش آئے اخلاق ماب لنچنگ کیس میں ریاستی حکومت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ قتل کے ملزمان کے خلاف مقدمہ جاری رہے گا۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد بسہڑا اخلاق قتل کیس میں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی بدستور جاری رہے گی۔

نوئیڈا کے سورج پور میں واقع عدالت نے ملزمان کے خلاف درج مقدمہ واپس لینے سے متعلق حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ اس معاملے میں آج عدالت میں سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے استغاثہ کی جانب سے کیس واپس لینے کے لیے دی گئی درخواست کو غیر اہم اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ دوسری جانب، یوپی حکومت کے کیس واپس لینے کے فیصلے کے خلاف معاملہ الہ آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔

مقتول محمد اخلاق کی اہلیہ اکرامن نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ حکومت کی جانب سے ٹرائل کورٹ میں کیس واپس لینے کی درخواست کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اکرامن نے ایڈوکیٹ عمر زمین کے ذریعے الہ آباد ہائی کورٹ میں یہ عرضی دائر کی ہے۔ عرضی میں حکومت کے متعدد انتظامی اور عدالتی احکامات کو منسوخ کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ خاص طور پر 26 اگست 2025 کے سرکاری حکم کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

اے ڈی ایم، جوائنٹ ڈائریکٹر پراسیکیوشن اور ڈی جی سی کے احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ عرضی میں کیس واپس لینے کی سفارش کو غیر قانونی بتایا گیا ہے۔ اس عرضی میں 21 افراد کو فریق بنایا گیا ہے، جن میں ریاستی حکومت سے لے کر ملزمان تک شامل ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ 28 ستمبر 2015 کو محمد اخلاق کو ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ قتل کے الزام میں 18 افراد کو ملزم بنایا گیا تھا۔ اس وقت 14 ملزمان ضمانت پر باہر ہیں۔ سرمائی تعطیلات کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ کی ڈبل بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔