لکھنؤ / آواز دی وائس
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی تیاری میں ہیں۔ پارٹی نے اتر پردیش کے تمام ضلعی اور اسمبلی حلقہ انچارجوں کو ہٹا دیا ہے۔ اگلے سال اتر پردیش میں ہونے والے پنچایت انتخابات اور 2027 کے اسمبلی انتخابات سے قبل اکھلیش یادو پارٹی کے تنظیم کو زیادہ مضبوط اور فعال بنانا چاہتے ہیں۔
کئی انچارجوں کی کارکردگی سے ناخوش تھے اکھلیش
پارٹی لیڈران کا کہنا ہے کہ موجودہ ضلعی اور اسمبلی انچارجوں کو الگ الگ وقت پر مختلف ذمہ داریوں کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ ان میں سے بہت سے انچارج ’’اپنا بوتھ کرو مضبوط‘‘ مہم کے دوران بنائے گئے تھے۔ ان میں سے کئی کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ کچھ کے خلاف شکایات براہِ راست اکھلیش یادو تک پہنچیں۔
ذرائع کے مطابق اکھلیش یادو ان انچارجوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔ ان کی خواہش ہے کہ ضلعی یا اسمبلی انچارج ایسے لیڈر ہوں جو پوری طاقت اور سنجیدگی کے ساتھ کام کریں۔ اب سماجوادی پارٹی نئے سرے سے ضلعی اور اسمبلی انچارج مقرر کرکے ایک نئی فہرست جاری کرے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق 2027 کے اسمبلی انتخابات کو سامنے رکھتے ہوئے تنظیم کو مضبوط بنانے پر کام کیا جا رہا ہے اور جلد ہی نئے انچارجوں کے ناموں کا اعلان ہوگا۔
اکھلیش کا بی جے پی پر نشانہ
اسی دوران، آئین کے 130ویں ترمیمی بل 2025 کو پیش کیے جانے پر مرکز پر حملہ جاری رکھتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ جو دوسروں کے لیے گڑھا کھودتے ہیں، وہ خود اس میں گر جاتے ہیں۔
ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کی تمام آمرانہ حکومتیں وقتاً فوقتاً اسی طرح کے قوانین لاتی رہی ہیں تاکہ وہ ہمیشہ اقتدار میں رہ سکیں، لیکن کوئی بھی حکومت زیادہ دن قائم نہیں رہ سکی۔ سبھی حکومتوں نے اقتدار کھویا — اٹلی، جرمنی اور روس اس کی مثالیں ہیں۔
سپا سربراہ نے الزام لگایا کہ پی ڈی اے برادری مسلسل ناانصافی اور ظلم و ستم کا شکار ہو رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت امتیاز برت رہی ہے۔ بابا صاحب امبیڈکر کے دیے ہوئے ریزرویشن کو چھینا جا رہا ہے۔ نوکریاں، روزگار اور ریزرویشن بی جے پی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں ہیں۔