نئی دہلی: سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کے روز بھارت–امریکا تجارتی معاہدے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مودی حکومت ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ بھارت کے حق میں کوئی مؤثر معاہدہ طے کرنے میں ناکام رہی ہے۔
بجٹ اجلاس کے دوران لوک سبھا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ زمینی حقائق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا: "امریکا سے ڈیل میں کوئی ڈھیل نہیں ملی ہے۔ کیوں ہم دن رات جھوٹے خیالات میں الجھے رہیں؟ جو لوگ ہوا میں محل بناتے ہیں، آئیں ان سے کچھ زمینی بات کریں۔ بھارت–امریکا تجارتی معاہدے پر حکمراں بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایس پی سربراہ نے سوال اٹھایا کہ آخر کتنے ایسے ممالک باقی ہیں جن کے ساتھ ابھی تک آزاد تجارتی معاہدے نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا، ملک بھر میں امریکا کے ساتھ ممکنہ معاہدے پر بحث ہو رہی ہے۔ بی جے پی کہتی ہے کہ کئی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ ہو چکے ہیں، تو میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اب کتنے ممالک باقی رہ گئے ہیں جن کے ساتھ ابھی معاہدے نہیں ہوئے؟ اکھلیش یادو نے آزاد تجارتی معاہدوں پر اپنی تشویش دہراتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے پہلے اور بجٹ کے بعد پورے ملک میں یہ چرچا رہا کہ امریکا کے ساتھ کوئی بڑا معاہدہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ایک رکن نے بھی ایوان میں دعویٰ کیا کہ دنیا کے کئی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ ہو چکے ہیں۔ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دونوں ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت امریکا کی تمام صنعتی مصنوعات اور کئی امریکی غذائی و زرعی اشیا پر ٹیرف ختم یا کم کرے گا، جن میں اینیمل فیڈ کے لیے استعمال ہونے والے ڈرائیڈ ڈسٹلرز گرینز، سرخ جوار، مختلف گری دار میوے، تازہ اور پراسیسڈ پھل، سویا بین آئل، شراب اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔
اکھلیش یادو نے حکومت سے یہ بھی سوال کیا کہ اس معاہدے کے بعد "آتم نربھر" اور "سوادیشی" جیسے نعروں کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا: "بجٹ کے فائدے یہاں کم اور وہاں زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔ معزز اسپیکر صاحب! سوادیشی اور آتم نربھر جیسے الفاظ سننے میں تو اچھے لگتے ہیں، لیکن اس معاہدے کے بعد کیا ان الفاظ کے اصل معنی ختم نہیں ہو گئے؟"
انہوں نے بجٹ کے زمینی اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹے وعدوں کے بجائے حقیقت پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ریاستوں کے درمیان ترقی کے فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ مغربی بنگال، بہار اور اتر پردیش جیسے صوبوں میں بلیٹ ٹرین منصوبے کیوں نہیں ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت میں امتیازی سلوک پایا جاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وارانسی میں میٹرو کیوں نہیں بنی، کتنے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر حقیقت میں عمل ہوا، اور چین سے متعلق فیصلے سوچ سمجھ کر کیوں نہیں کیے گئے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "میک اِن انڈیا کا شیر کباڑ کھا رہا ہے۔" ادھر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کے سکریٹری جنرل کو ہدایت دی ہے کہ ان کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک کے نوٹس کا جائزہ لے کر مناسب کارروائی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط نہیں کیے، کیونکہ پارلیمانی جمہوریت میں قائد حزب اختلاف کے لیے اسپیکر کو ہٹانے کی درخواست پر دستخط کرنا مناسب نہیں سمجھا جاتا۔