نئی دہلی: آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (آئیسا) نے جمعرات کو ملک گیر رابطہ مہم "جن زیڈ رائزنگ" شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس مہم کے تحت تنظیم کی قومی صدر نیہا مختلف ریاستوں کا دورہ کریں گی اور تعلیمی اصلاحات، بے روزگاری اور داخلہ امتحانات کی پالیسیوں جیسے مسائل پر طلبہ اور نوجوانوں کو منظم کریں گی۔
یہ مہم حال ہی میں نیٹ (NEET) پرچہ لیک، داخلہ امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے مطالبات کے پس منظر میں شروع کی جا رہی ہے۔ آئیسا نے ایک بیان میں کہا کہ اس مہم کا مقصد احتجاج کے دوران ابھرنے والی طلبہ تحریک کو جاری رکھنا، مضبوط بنانا اور ملک بھر میں پھیلانا ہے۔ طلبہ تنظیم نے کہا کہ وہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کو ختم کرنے کے اپنے مطالبے پر قائم رہے گی۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ مرکزی امتحانی ادارے پر انحصار کرنے کے بجائے یونیورسٹیوں کو اپنی داخلہ آزمائشیں منعقد کرنے کا اختیار واپس دیا جانا چاہیے۔ آئیسا نے قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کو واپس لینے کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا۔ تنظیم کا الزام ہے کہ اس پالیسی نے سرکاری تعلیم کو نقصان پہنچایا ہے اور اسے متعلقہ فریقوں سے مناسب مشاورت کے بغیر نافذ کیا گیا۔
تنظیم نے سب کے لیے آسان، معیاری اور کم خرچ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے محفوظ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ آئیسا نے روزگار سے متعلق اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے اور حکومت کو اس کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔