نئی دہلی: ایئر انڈیا نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ اس نے ایئر کینیڈا کے ساتھ اپنی کوڈ شیئر شراکت داری دوبارہ بحال کر دی ہے۔ یہ شراکت داری کورونا وبا کے دوران معطل کر دی گئی تھی۔ اس کوڈ شیئر معاہدے کے تحت ایئر انڈیا کے مسافر وینکوور اور لندن (ہیتهرو) کے علاوہ کینیڈا کے چھ مزید شہروں تک پروازوں کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
کوڈ شیئر شراکت داری کے ذریعے مسافر ایک ہی ٹکٹ پر دونوں ایئر لائنز کی پروازوں میں سفر کر سکیں گے۔ بیان کے مطابق ایئر انڈیا، ایئر کینیڈا کی پروازوں پر اپنا ’AI‘ کوڈ لگائے گی۔ ان میں وینکوور سے کیلگری، ایڈمونٹن، ونی پگ، مونٹریال اور ہیلی فیکس، نیز لندن ہیتهرو سے وینکوور اور کیلگری کی پروازیں شامل ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس کے بدلے ایئر کینیڈا کے مسافروں کو دہلی کے راستے امرتسر، احمد آباد، ممبئی، حیدرآباد اور کوچّی، اور لندن (ہیتهرو) کے راستے دہلی و ممبئی تک بہتر گھریلو رابطہ ملے گا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس شراکت داری سے دونوں ایئر لائنز کے مسافروں کو ایک ہی ٹکٹ پر زیادہ سہل، مسلسل اور آرام دہ سفر کی سہولت میسر ہوگی۔