ایئر انڈیا کا طیارہ ایندھن کا سوئچ بند ہونے سے ہوا تباہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-07-2025
ایئر انڈیا کا طیارہ ایندھن کا سوئچ بند ہونے سے ہوا تباہ
ایئر انڈیا کا طیارہ ایندھن کا سوئچ بند ہونے سے ہوا تباہ

 



نئی دہلی/ آوازدی وائس
ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-171 کے دونوں انجنوں میں ایندھن سپلائی کرنے والے سوئچ بند ہو گئے تھے، جس کے بعد پائلٹوں کے درمیان الجھن کی صورتحال پیدا ہو گئی، اور چند ہی سیکنڈ کے اندر طیارہ احمد آباد میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک پائلٹ نے دوسرے سے پوچھا کہ اُس نے ایندھن کیوں بند کیا، تو جواب ملا کہ اُس نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ اسی سال 12 جون کو بوئنگ 787 طیارے سے جُڑے اس حادثے میں 260 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ طیارے میں سوار 242 افراد میں سے صرف ایک شخص ہی زندہ بچ پایا تھا۔
طیارہ حادثہ تحقیقاتی بیورو (اے اے آئی بی) کی جانب سے ہفتے کو جاری ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فی الحال طیارے کے آپریٹرز کے خلاف کسی کارروائی کی سفارش نہیں کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، جب طیارہ نے پرواز بھری، اُس وقت معاون پائلٹ طیارہ چلا رہا تھا جبکہ کپتان نگرانی کر رہا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے نے ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 38 منٹ اور 42 سیکنڈ پر زیادہ سے زیادہ درج کی گئی رفتار 180 ناٹ آئی اے ایس حاصل کی، اور ایک سیکنڈ بعد ہی انجن-1 اور انجن-2 کے ایندھن ’کٹ آف سوئچ‘ بالترتیب ’رن‘ سے ’کٹ آف‘ پوزیشن میں چلے گئے۔ رپورٹ میں کاک پٹ وائس ریکارڈنگ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایک پائلٹ نے دوسرے سے پوچھا کہ اُس نے ایندھن کا سوئچ آف کیوں کیا، تو اُس نے جواب دیا کہ اُس نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
طیارے نے ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 38 منٹ اور 39 سیکنڈ پر پرواز بھری اور ایک بج کر 39 منٹ اور 05 سیکنڈ پر ایک پائلٹ نے ’مے ڈے- مے ڈے- مے ڈے‘ پیغام دیا۔