ایئر انڈیا حادثہ: پائلٹ کے والد نے سپریم کورٹ سے شفاف تحقیق کی اپیل کی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-10-2025
ایئر انڈیا حادثہ: پائلٹ کے والد نے سپریم کورٹ سے شفاف تحقیق کی اپیل کی
ایئر انڈیا حادثہ: پائلٹ کے والد نے سپریم کورٹ سے شفاف تحقیق کی اپیل کی

 



نئی دہلی: جون میں پیش آئے ایئر انڈیا کے ایک حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ اِن کمانڈ، کیپٹن سمیت صبر وال کے والد نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی ہے، جس میں حادثے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور تکنیکی طور پر مضبوط تحقیق کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کیپٹن سمیت صبر وال جون میں احمد آباد میں پیش آئے ایئر انڈیا بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر (AI-171) حادثے کے وقت طیارے کے پائلٹ اِن کمانڈ تھے۔

اس حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حادثے کے چار ماہ بعد، مرحوم کیپٹن سمیت صبر وال کے والد 88 سالہ پُشکر راج صبر وال نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا ہے۔ ان کے ساتھ فیڈریشن آف انڈین پائلٹس بھی اس مقدمے میں دوسرا درخواست گزار ہے۔ درخواست گزاروں نے دلیل دی ہے کہ اس حادثے کی ابتدائی تحقیق "انتہائی ناقص" ہے، اور یہ جانچ بنیادی طور پر پائلٹوں پر ہی مرکوز رہی ہے، جو اب اپنی صفائی دینے کے قابل نہیں رہے۔

طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حادثہ انسانی غلطی کے باعث پیش آیا، جسے درخواست گزاروں نے یک طرفہ اور غیر مکمل قرار دیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے: "موجودہ تحقیقاتی طریقہ کار کی وجہ سے اس سانحے کے لیے ذمہ دار دیگر اہم تکنیکی یا عملی عوامل کی مناسب چھان بین نہیں کی گئی، اور نہ ہی انہیں خارج کیا گیا ہے۔"

درخواست گزاروں نے اس پر بھی زور دیا کہ: "چند مخصوص باتوں کو افشا کر کے ایسی معلومات دی جا رہی ہیں جو ان پائلٹوں کے خلاف جا سکتی ہیں جو اب خود کا دفاع نہیں کر سکتے۔ یہ عمل اصل وجہ کے انکشاف میں رکاوٹ ہے اور مستقبل میں پروازوں کی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرتا ہے۔ اسی لیے ایک غیر جانب دار عدالتی نگرانی ضروری ہے۔ درخواست میں پانچ رکنی جانچ ٹیم کی تشکیل پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔

کہا گیا ہے کہ یہ ٹیم قدرتی انصاف کے اس اصول کی خلاف ورزی کرتی ہے جس کے تحت کوئی بھی شخص خود اپنے ہی معاملے میں جج نہیں بن سکتا۔ "اس ٹیم میں ڈی جی سی اے (DGCA) اور ریاستی ایوی ایشن اتھارٹیز کے وہ افسران شامل ہیں جن کی نگرانی، پالیسیوں اور ممکنہ غفلتوں کا اس حادثے سے براہ راست تعلق ہے۔ مزید برآں، یہ سب افسران ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بیورو (AAIB) کے ڈائریکٹر جنرل کے ماتحت ہیں، جس سے صورتحال ایسی ہو گئی ہے جیسے کہ جن اداروں پر ضابطہ بندی اور نگرانی کی ذمہ داری ہے، وہی ادارے خود کو ہی تحقیقات کا نشانہ بنا رہے ہیں۔"