اے آئی کانفرنس میں احتجاج: یوتھ کانگریس کارکن گوالیار سے گرفتار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2026
اے آئی کانفرنس میں احتجاج: یوتھ کانگریس کارکن گوالیار سے گرفتار
اے آئی کانفرنس میں احتجاج: یوتھ کانگریس کارکن گوالیار سے گرفتار

 



نئی دہلی: دہلی پولیس نے گزشتہ ہفتے یہاں ‘اے آئی امپیکٹ سمٹ’ کے دوران انڈین یوتھ کانگریس کے کارکنوں کی جانب سے قمیض اتار کر کیے گئے احتجاج کے سلسلے میں پانچویں گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ ایک افسر نے پیر کے روز یہ معلومات دی۔ پولیس کے مطابق ملزم جتیندر یادو کو مدھیہ پردیش کے گوالیار سے گرفتار کیا گیا، جس کے ساتھ اس معاملے میں گرفتار افراد کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

گزشتہ جمعہ کو بھارت منڈپم میں منعقدہ ‘اے آئی امپیکٹ سمٹ’ کے دوران ایک نمائشی ہال میں انڈین یوتھ کانگریس کے کارکنوں کے ایک گروپ نے قمیضیں اتار کر احتجاج کیا تھا۔ وہ ایسی ٹی شرٹس پہنے ہوئے تھے جن پر حکومت اور بھارت-امریکہ تجارتی معاہدے کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس کے بعد مقام پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں وہاں سے ہٹا دیا تھا۔

دہلی پولیس نے احتجاج والے دن یوتھ کانگریس کے چار کارکنوں کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ایک وسیع سازش کے پہلو سے بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس معاملے نے سیاسی تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اسے ’’عالمی پلیٹ فارم پر بھارت کی شبیہ کو داغدار کرنے کی شرمناک حرکت‘‘ قرار دیا، جبکہ انڈین یوتھ کانگریس نے اسے قومی مفادات کے تحفظ کے مقصد سے کیا گیا ’’پرامن‘‘ احتجاج بتا کر اس کا دفاع کیا۔

پولیس کے مطابق جمعہ کو یوتھ کانگریس کے کارکن ہال نمبر 5 کے لابی ایریا میں داخل ہوئے اور اپنی قمیضوں کے نیچے پہنی ہوئی ٹی شرٹس کو اتار کر یا ہاتھوں میں تھام کر نعرے لگانے لگے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین نے مقام میں داخلے کے لیے کیو آر کوڈ حاصل کرنے کی خاطر آن لائن رجسٹریشن کیا تھا۔ ملزمان نے ابتدا میں سیاہ رنگ کی چھتریوں پر اسٹیکر چسپاں کر کے انہیں خفیہ طور پر بھارت منڈپم میں لے جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

ایک ذریعے نے بتایا کہ بعد میں انہیں احساس ہوا کہ سیاہ چھتریاں داخلی دروازے پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی توجہ حاصل کر سکتی ہیں، اس لیے انہوں نے منصوبہ بدل دیا اور نعروں والے اسٹیکرز ٹی شرٹس پر چھپوا کر انہیں قمیض کے نیچے پہن لیا۔ اندر داخل ہونے کے بعد انہوں نے نعروں والی ٹی شرٹس کے اوپر پہنی ہوئی قمیضیں اتار دیں۔ ان کی ٹی شرٹس پر ’’پی ایم از کمپرو مائزڈ‘‘، ’’بھارت-امریکہ تجارتی معاہدہ‘‘ اور ’’ایپسٹین فائلز‘‘ درج تھا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین نے ڈیوٹی پر تعینات بعض پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی، اور پورے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقاتی حکام احتجاج کے پس پردہ مالی لین دین کی بھی جانچ کر رہے ہیں، جس میں یہ بھی شامل ہے کہ ٹی شرٹس پر نعرے چھپوانے کے لیے کس نے رقم فراہم کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب سے بھی اس معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی، اور ملزمان سے تفتیش کے دوران مزید نام سامنے آئے ہیں۔