طیارہ حادثہ: سلمان کا پروگرام منسوخ، کہا- مشکل وقت میں ملک کے ساتھ ہوں۔۔۔

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-06-2025
طیارہ حادثہ: سلمان کا پروگرام منسوخ، کہا- مشکل وقت میں ملک کے ساتھ ہوں۔۔۔
طیارہ حادثہ: سلمان کا پروگرام منسوخ، کہا- مشکل وقت میں ملک کے ساتھ ہوں۔۔۔

 



ممبئی/ آواز دی وائس
احمد آباد میں پیش آئے ایئر انڈیا طیارہ حادثے کے بعد پورے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جیسے ہی اس حادثے کی خبر سامنے آئی، بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان نے ممبئی میں ہونے والا اپنا ایونٹ منسوخ کر دیا۔ وہیں، اکشے کمار اور وشنو مانچو نے اندور میں منعقد ہونے والے فلم کنّپا کے ٹریلر لانچ ایونٹ کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔
دراصل، سلمان خان حال ہی میں انڈین سپر کراس ریسنگ لیگ  کے نئے برانڈ ایمبیسیڈر بنے ہیں۔ اس سلسلے میں آج ممبئی میں ایک پریس کانفرنس ہونی تھی، لیکن جیسے ہی سلمان خان کو طیارہ حادثے کی خبر ملی، تو انہوں نے فوری طور پر یہ ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر کہا گیا کہ آج جو افسوسناک حادثہ پیش آیا، اس کی خبر ہم سب کو ملی ہے۔ انڈین سپر کراس ریسنگ لیگ اور سلمان خان اس مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس حادثے سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ یہ پروگرام اب کسی اور دن منعقد ہوگا۔
کنّپا‘ کا ٹریلر بھی ملتوی
فلم کنّپا کا ٹریلر 13 جون کو ریلیز ہونا تھا، اور اسی دن اندور میں ایک پری-ریلیز ایونٹ بھی رکھا گیا تھا۔ تاہم طیارہ حادثے کے باعث یہ ایونٹ بھی منسوخ کر دیا گیا اور ٹریلر کی ریلیز کو ایک دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فلم کنّپا میں مہیش بابو، اکشے کمار، کاجل اگروال، رگھو بابو، پربھاس اور مدھو جیسے بڑے ستارے اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
بالی وڈ ستاروں کا اظہار افسوس
احمد آباد میں ایئر انڈیا کا بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس طیارے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی سمیت 242 مسافر سوار تھے۔ اس افسوسناک واقعے پر بالی وڈ اور ٹی وی انڈسٹری کے کئی ستاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔