نوئیڈا : حالیہ پرتشدد احتجاج کے بعد اتر پردیش حکومت نے مزدوروں کی عبوری اجرتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم اپریل 2026 سے ہوگا۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق اجرتوں کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں گوتم بدھ نگر اور غازی آباد، میونسپل کارپوریشن والے شہر، اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔
گوتم بدھ نگر اور غازی آباد میں غیر ہنرمند مزدوروں کی ماہانہ اجرت 11,313 روپے سے بڑھا کر 13,690 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ نیم ہنرمند مزدوروں کی اجرت 12,445 روپے سے بڑھا کر 15,059 روپے اور ہنرمند مزدوروں کی اجرت 13,940 روپے سے بڑھا کر 16,868 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح دیگر میونسپل کارپوریشن والے شہروں میں غیر ہنرمند مزدوروں کی اجرت 11,313 روپے سے بڑھا کر 13,006 روپے، نیم ہنرمند مزدوروں کی 12,445 روپے سے بڑھا کر 14,306 روپے اور ہنرمند مزدوروں کی اجرت 13,940 روپے سے بڑھا کر 16,025 روپے کر دی گئی ہے۔
حکومت نے سوشل میڈیا پر کم از کم اجرت 20 ہزار روپے ماہانہ مقرر کیے جانے کے دعوؤں کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے تشکیل دی گئی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد مزدوروں کے مسائل کو حل کرنا اور صنعتی علاقوں میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔