کولکتہ: سونالی خاتون جو اس سال جون میں حاملہ حالت میں بنگلہ دیش بھیج دی گئی تھیں جمعہ کے روز اپنے آٹھ سالہ بیٹے کے ساتھ مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں مہادی پور سرحد کے ذریعے ہندوستان واپس آگئیں۔ یہ واپسی اس وقت ممکن ہوئی جب دو دن قبل سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی واپسی کی اجازت دینے کے لیے کہا تھا۔
یاد رہے کہ مرکز نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ سونالی خاتون اور ان کے آٹھ سالہ بیٹے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بنگلہ دیش سے واپس لانے کے لیے تیار ہے۔ سونالی خاتون کو اس سال جون میں دہلی سے ان کے خاندان سمیت اس شبہے میں اٹھا کر بنگلہ دیش بھیج دیا گیا تھا کہ وہ غیر ملکی شہری ہیں۔ اس وقت یہ بھی بتایا گیا تھا کہ سونالی حاملہ ہیں اور دہلی میں روزانہ اجرت پر کام کر رہی تھیں۔
سالیسٹر جنرل توشار مہتا نے چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت اور جسٹس جوئمالیہ باگچی کی بنچ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں واپس لانے کا یہ فیصلہ انسانی ہمدردی کے تحت ہوگا اور اس سے مرکز کے قانونی مؤقف یا انہیں نگرانی میں رکھنے کے حق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
عدالت نے اس بیان کو ریکارڈ کرتے ہوئے اپنے حکم میں کہا کہ حکومت ہند سونالی خاتون اور ان کے بیٹے صابر کو واپس لانے پر رضامند ہے اور چونکہ سونالی کو دہلی سے حراست میں لیا گیا تھا، اس لیے انہیں دہلی ہی واپس لایا جائے گا۔ تاہم بنچ نے یہ بھی ذکر کیا کہ مدعا علیہان کے وکیل نے مشورہ دیا ہے کہ انہیں ان کے والد کے آبائی ضلع بیر بھوم منتقل کرنا بہتر ہوگا۔
بنچ نے مغربی بنگال کے ضلع بیر بھوم کے چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی کہ سونالی خاتون جو حاملہ ہیں انہیں تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں اور ریاستی حکومت ان کے بچے کی دیکھ بھال بھی کرے۔
سپریم کورٹ یہ معاملہ اس اپیل کے تحت سن رہا تھا جس میں مرکز نے کلکتہ ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں کچھ دیپورٹی افراد کو بنگلہ دیش سے واپس لانے کا حکم دیا گیا تھا کیونکہ انہیں ملک بدر کرنے کا مناسب قانونی طریقہ پورا نہیں کیا گیا تھا۔
ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ بھودو شیخ کی دائر کردہ ہیبیس کارپس درخواست پر سنایا تھا۔ بھودو شیخ نے کہا تھا کہ وہ مغربی بنگال کے مستقل رہائشی ہیں اور ان کی بیٹی سونالی خاتون اور اس کا خاندان بھی ہندوستانی شہری ہے لیکن دہلی کی پولیس نے انہیں رواں سال جون میں روہنی سے اٹھا کر بنگلہ دیش بھیج دیا جہاں وہ یومیہ مزدوری کرتے تھے۔
عدالت عظمیٰ نے یکم دسمبر کی سماعت میں سالیسٹر جنرل سے کہا تھا کہ وہ ہدایات لے کر بتائیں کہ کیا سونالی خاتون اور ان کے بیٹے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واپس لایا جا سکتا ہے۔