روہتک/ آواز دی وائس
ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ آزادی کے بعد کانگریس کھادی کو بھول گئی تھی، جبکہ مودی حکومت نے اسے دوبارہ زندہ کیا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ کھادی اور گرامودیوگ کمیشن کا کاروبار 2014-15 کے 33 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر اب 1.70 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔
کھادی کاریگر مہوتسو‘ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی بڑی کمپنیاں بھی اتنا بڑا کاروبار نہیں کر پاتیں۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اس نے کھادی پر دھیان نہیں دیا اور اس کے فروغ کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
مودی حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 11 برسوں میں جو کام کیا گیا، اگر وہ آزادی کے بعد کر لیا جاتا تو ملک کو کبھی بے روزگاری کا مسئلہ نہیں جھیلنا پڑتا۔
امت شاہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے آزادی کی تحریک کے دوران غربت مٹانے اور ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے کھادی کو ہتھیار بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کھادی کے میدان میں گاندھی جی کی شروعات نے لاکھوں بُنکروں کی زندگی بدل دی اور ان کا دیا ہوا ’کھادی منتر‘ آزادی کی تحریک کی رفتار بڑھانے والا ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ لیکن اس کے بعد کانگریس نے کھادی کو بھلا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تبھی انہوں نے کھادی کو نئی زندگی دینے کا عزم لیا تھا، اور بعد میں وزیر اعظم کے طور پر اپنے ’من کی بات‘ پروگرام میں عوام کو کھادی کے استعمال کا پیغام دیا۔
آج نتیجہ سب کے سامنے ہے: شاہ
وزیر داخلہ نے کہا کہ کھادی کی مارکیٹنگ اور پیکیجنگ کو جدید شکل دی گئی اور لوگوں کو اس کے استعمال کی ترغیب دی گئی۔ ان کے مطابق ، جب ہم کھادی پہنتے ہیں تو یہ صرف ایک لباس نہیں ہوتا بلکہ ’سودیشی‘ اور ’آتم نربھرتا‘ کی علامت ہوتا ہے۔ اس موقع پر مہارشی دیانند یونیورسٹی میں 2200 سے زیادہ کاریگروں کو ’ٹول کِٹ‘ دی گئیں۔ یہ پروگرام وزارت برائے خرد، چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں کے تحت کھادی و گرامودیوگ کمیشن نے منعقد کیا تھا، جس کا مقصد تھا ’سودیشی سے سواولمبن‘۔
پروگرام میں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی بھی موجود تھے۔ اس دوران جدید مشینری اور ٹول کِٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم روزگار سرجن پروگرام کے تحت 301 کروڑ روپے بطور ’مارجن منی‘ بھی تقسیم کیے گئے۔