اتراكھنڈ: تھرالی میں پھٹا بادل ،1 ہلاک

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-08-2025
اتراكھنڈ: تھرالی میں پھٹا بادل ،1 ہلاک
اتراكھنڈ: تھرالی میں پھٹا بادل ،1 ہلاک

 



دہرادون/ آواز دی وائس
اتراکھنڈ میں مانسون کی تباہ کاری رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ چند دن پہلے اتراکا شی کے دھرالی علاقے میں قیامت ڈھانے کے بعد اب چمولی ضلع کے تھرالی علاقے میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب بادل پھٹ گیا۔ یہ اچانک پیش آنے والا واقعہ پورے قصبے اور آس پاس کے دیہاتوں کو دہلا گیا۔ لمحوں میں سڑکیں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور گھروں، دکانوں میں ملبہ بھر گیا۔
اس حادثے میں ایک نوجوان لڑکی کی دب کر موت ہو گئی۔ لڑکی قریبی ساگواڑا گاؤں میں ملبے کی زد میں آ گئی تھی۔ ایک اور شخص کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے، جس سے لوگوں کی بےچینی مزید بڑھ گئی ہے۔ سب سے زیادہ نقصان تھرالی بازار، کوٹ دیپ اور تحصیل پرسیسر میں ہوا، جہاں تحصیل دفتر اور ایس ڈی ایم کی رہائش گاہ تک میں ملبہ گھس آیا۔ احاطے میں کھڑی کئی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔ قصبے کی گلیاں اس قدر ملبے سے پٹ گئیں کہ لوگ تالاب جیسے مناظر دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے۔
چمولی کے اے ڈی ایم وویک پرکاش نے بتایا كہ  اچانک آئی اس طغیانی سے کافی نقصان ہوا ہے۔ کویتا نامی 20 سالہ خاتون دب گئی ہے اور جوشی نام کا ایک شخص لاپتہ ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں کل رات ہی موقع پر پہنچ گئی تھیں۔ سیلاب کے باعث سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ راحت کے کاموں میں مصروف ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ صبح ہی روانہ ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور وہاں راحت رسانی جاری ہے۔
چیپڑوں بازار میں کئی دکانیں ملبے سے تباہ ہو گئیں جبکہ تھرالی–گوالدم روڈ منگدیرا کے پاس بند ہو گئی ہے۔ تھرالی–ساگواڑا روڈ بھی متاثر ہے۔ دونوں راستے بند ہونے سے آمدورفت مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی ہے اور دیہاتیوں کو بھاری مشکلات کا سامنا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے۔ بی آر او کی ٹیم منگدیرا کے قریب سڑک کھولنے میں جٹی ہوئی ہے تاکہ ٹریفک اور امدادی کارروائیاں جلد بحال ہو سکیں۔ ضلع انتظامیہ نے حفاظتی نقطۂ نظر سے ہفتہ کے دن تھرالی تحصیل کے تمام اسکول اور آنگن واڑی مراکز بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر سندیپ تیواری نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ مسلسل متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور راحت رسانی کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس مانسون سیزن میں اتراکھنڈ میں بادل پھٹنے کے واقعات لگاتار پیش آ رہے ہیں۔ اتراکا شی کے دھرالی اور ہرشیل، رودرپریاگ کی کیدار گھاٹی اور اب چمولی کا تھرالی علاقہ۔۔۔ یہ تباہ کن مناظر صاف ظاہر کر رہے ہیں کہ پہاڑوں پر بارش کس قدر جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔