دہلی کے بعد ممبئی ائیر پورٹ پر پروازیں متاثر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-11-2025
دہلی کے بعد ممبئی ائیر پورٹ پر پروازیں متاثر
دہلی کے بعد ممبئی ائیر پورٹ پر پروازیں متاثر

 



ممبئی / آواز دی وائس
ممبئی ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت دہلی میں قائم خودکار پیغام رسانی نظام  میں تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہوئی ہے۔ یہ نظام ہوائی ٹریفک کنٹرول کے فلائٹ پلان سے متعلق سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ متعلقہ حکام اس تکنیکی مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ اس کے نتیجے میں ایئر لائنز کی پروازوں میں تاخیر ممکن ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کرکے پرواز کی تازہ صورتحال اور ترمیم شدہ شیڈول کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔
دہلی ہوائی اڈے پر متعدد مسافر پھنس گئے
دہلی کے اندرہ گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعہ کی صبح ایک بڑی تکنیکی خرابی کے سبب آپریشن متاثر ہوا، جس کی وجہ سے 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور سینکڑوں مسافر ائرپورٹ پر پھنس گئے۔ یہ تکنیکی مسئلہ جمعرات کی رات دیر سے شروع ہوا تھا، جس نے ہوائی اڈے کے مرکزی ایئر ٹریفک کنٹرول  نظام کو متاثر کیا۔ یہ نظام پروازوں کے ڈیٹا اور منظوریوں کے انتظام کا ایک نہایت اہم نیٹ ورک ہے۔
نظام کے بند ہونے کے باعث ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو تمام درخواستوں کو دستی طور پر سنبھالنا پڑا، جس کے نتیجے میں رات بھر پروازوں کی آمد و روانگی کی رفتار سست رہی۔