ایک ماہ میں ایران، پاکستان اور ترکی سے 284,000 افغانوں کی واپسی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
ایک ماہ میں ایران، پاکستان اور ترکی سے 284,000 افغانوں  کی واپسی
ایک ماہ میں ایران، پاکستان اور ترکی سے 284,000 افغانوں کی واپسی

 



کابل : اکیس نومبر۔ ایران کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس وقت تقریباً چھ ملین غیر ملکی شہری ایران میں مقیم ہیں۔ ٹولو نیوز کے مطابق وزیر اسکندر مؤمنی نے کہا کہ موجودہ شمسی سال کے دوران پندرہ لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین واپس افغانستان جا چکے ہیں۔وزیر نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ اب تک تقریباً پندرہ لاکھ غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مذہبی اور تہذیبی رشتوں کے باوجود ایران کی گنجائش محدود ہے۔

ان کے مطابق ستر فی صد سے زیادہ لوگ اپنی مرضی سے واپس گئے ہیں۔لیکن دوسری جانب افغان مہاجرین کا کہنا ہے کہ ایران اور پاکستان میں حالات دن بدن مشکل ہو رہے ہیں۔ پالیسیوں میں سختی آ رہی ہے اور جبری واپسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ایران میں مقیم افغان مہاجر مرتضیٰ نظری نے کہا کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مہاجرین کو ملازمت نہ دی جائے۔ مہاجر بچوں کو اسکولوں میں داخلہ نہیں مل رہا۔ بینک کارڈ اور سم کارڈ بھی بند کئے جا رہے ہیں۔

اسی صورت حال کے درمیان افغانستان کی وزارت مہاجرین و عودت نے بتایا کہ پاکستان کی جیلوں سے دو ہزار سے زیادہ افغان قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ٹولو نیوز کے مطابق وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ ایران پاکستان اور ترکی سے دو لاکھ چوراسی ہزار سے زیادہ افغان شہری ایک ماہ سے کم عرصے میں نکالے جا چکے ہیں۔

عبدالمطالب حقانی نے کہا کہ ان ملکوں سے ترانوے ہزار سے زیادہ ایسے مرد واپس آئے ہیں جو اپنے خاندانوں سے الگ تھے اور دو ہزار چھہتر قیدی پاکستانی جیلوں سے چھوڑے گئے ہیں۔ اس طرح جبری واپسی کی مجموعی تعداد دو لاکھ چوراسی ہزار سات سو سترہ ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی اداروں نے ان تیز رفتار بے دخلیوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے نمائندے نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے واپس آنے والے افغان شہری شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ یہ رجحان ایسے وقت سامنے آ رہا ہے جب بین الاقوامی امداد میں بھی کمی ہو رہی ہے