آئینی اقدار کی پاسداری ہی حقیقی حُب الوطنی ہے: شیخ ابوبکر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2026
آئینی اقدار کی پاسداری ہی حقیقی حُب الوطنی ہے: شیخ ابوبکر
آئینی اقدار کی پاسداری ہی حقیقی حُب الوطنی ہے: شیخ ابوبکر

 



آزادی کے 80 ویں  سالگرہ  پر کالی کٹ مرکز الثقافۃ میں جشن یوم آزادی 

کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )
ہندوستان میں مختلف مذاہب، زبانوں، ثقافتوں اور روایات کے لوگ آباد ہیں۔ قوم کو متحد رکھنے کے لیے ملک کے معماروں نے آئین میں ایسے اصول شامل کیے جو سب کے حقوق اور مساوات کی ضمانت دیتے ہیں۔ ان آئینی اصولوں کو نظرانداز یا کمزور کرنا ملک کے اتحاد و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔ آئین کی اقدار کی حفاظت اور ان پر عمل کرنا ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر مرکز سینٹرل کیمپس میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔
  شیخ نے کہا کہ آئینی اداروں کی شفافیت، خودمختاری اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا ملک کی بقا، استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں سیاسی وابستگیوں اور اختلافات سے بالاتر ہوکر تمام شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کا مطلب کسی دوسرے فرد کے حقوق سلب کرنے یا قانون کی خلاف ورزی کرنے کا اختیار نہیں، بلکہ یہ ملک کے آئین و قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے سماجی ہم آہنگی، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا بہترین موقع ہے۔اس موقع پر شیخ ابوبکر احمد نے آئین کی پاسداری کا حلف بھی دلایا۔ تقریب میں مرکز میں زیر تعلیم ہندوستان کی 20 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر  مرکز کے ڈائریریکٹر جنرل سی محمد فیضی نے پیغامِ آزادی پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ  یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں ہمارا ملک آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوا۔ آزادی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کی سالمیت، امن، جمہوریت اور ترقی کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اور مرکز ڈائریکٹر بورڈ کے اراکین وی ایم رشید ثقافی، انیس محمد، شمیم کے کے اور ڈاکٹر روشن نورانی سمیت مختلف اداروں کے طلبہ، اساتذہ اور دیگر ذمہ داران بھی شریک رہے ۔